امریکی اداکار و گلوکار اور بالی ووڈ اسٹار پریانکا چوپڑا کے شوہر نک جونس گزشتہ روز اپنے نئے شو کی فلمنگ کے دوران زخمی ہوگئے۔
باغی ٹی وی : بھارتی میڈیا کے مطابق 28 سالہ نک جونز اپنے شو کے سیٹ پر حادثے کا شکار ہوگئے جس کے بعد انہیں ایمبولینس میں مقامی اسپتال منتقل کیا گیا اسپتال میں طبی امداد کے بعد ان کی طبیعت سنبھل گئی اور انہیں اسپتال سے ڈسچارج کردیا گیا۔
نک جونز اور ان کی اہلیہ اداکارہ پریانکا چوپڑا نے اس حادثے کی تردید یا تصدیق نہیں کی تاہم آن لائن اخبار ٹی ایم زیڈ نے نک جونز کے قریبی ساتھی کے حوالے سے دعویٰ کیا کہ گلوکار کو حادثے کے بعد ایمبولینس میں اسپتال لے جایا گیا تھا۔
ٹی ایم زید کے ذرائع کا کہنا ہے کہ نک جونز حادثے کے وقت ٹیلی وژن کے لیے ایک ریئلٹی شو کے سیٹ پر موجود تھے۔ اسپتال سے ڈسچارج ہونے کے بعد نک جونز نے اپنا ادھورا شو مکمل کروایا۔
نک جونز پہلی بار سیٹ پر زخمی نہیں ہوئے، اس سے قبل 2018 میں بھی وہ ایک شو کے بعد میکسیکو میں ورک آؤٹ کے دوران اپنے ہاتھ زخمی کرابیٹھے تھے۔