اسلام آباد:ن لیگ یا پیپلزپارٹی کےعلاوہ ہمیں کسی پراعتماد ہی نہیں ہے:سینیٹ چیئرمین کے خلاف عدم اعتماد کا اعلان بھی ہوگیا ،اطلاعات کے مطابق الیکشن مکمل ہوتے ہی تحریک عدم اعتماد لانے کی دھمکی بھی دے دی گئی ہے ۔
تفصیلات کے مطابق چئیرمین و ڈپٹی چئیرمین سینیٹ الیکشن میں شکست کے بعد اپوزیشن نے نتائج تسلیم کرنے سے انکار کیا ہے۔ اپوزیشن کی جانب سے الزام عائد کیا گیا ہے کہ چئیرمین سینیٹ الیکشن میں یوسف رضا گیلانی کے ووٹ غیر قانونی طریقے سے مسترد کیے گئے۔
نوازشریف اورزرداری کے علاوہ کسی پر بھی اعتماد نہ ہونے کے دعویدار پیپلز پارٹی کے سینیٹر مصطفیٰ نواز کھوکھر نے کہا ہے کہ متنازعہ نتائج کو تسلیم نہیں کریں گے۔ ہمارے پاس اب 2 راستے ہیں، ایک تو یہ کہ صادق سنجرانی کیخلاف ایوان میں تحریک عدم اعتماد لائی جائے، جبکہ دوسرا یہ کہ نتائج کو سپریم کورٹ یا ہائیکورٹ میں چیلنج کیا جائے۔
واضح رہے کہ جمعہ کے روز چئیرمین و ڈپٹی چئیرمین سینیٹ الیکشن میں حکومت اپوزیشن کو اپ سیٹ شکست دینے میں کامیاب ہوئی۔
پہلے ہوئی پولنگ میں حکومتی امیدوار صادق سنجرانی 48 ووٹ حاصل کر کے چئیرمین سینیٹ منتخب ہو گئے۔
یوسف رضا گیلانی نے 42 ووٹ حاصل کیے جب کہ یوسف رضا گیلانی کے 8 ووٹ مسترد بھی ہوئے۔ حکومتی سینیٹرز نے چئیرمین سینیٹ کا اعلان ہوتے ہی جشن منانا شروع کر دیا جب کہ اپوزیشن ارکان کی جانب سے نعرے بازی کی گئی۔ جبکہ بعد میں حکومتی اتحاد کے امیدوار مرزا محمد آفریدی ڈپٹی چیئرمین سینیٹ منتخب ہوگئے۔