عدم اعتماد پر ووٹنگ آج بھی نہ ہوسکی:قومی اسمبلی کا اجلاس 3 اپریل تک ملتوی

اسلام آباد: قومی اسمبلی کا اہم اجلاس ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری کی زیر صدرات شروع ہوا تاہم ڈپٹی اسپیکر نے تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ آج بھی نہ ہوئی اور ڈپٹی اسپیکر نے اجلاس اتوار کو صبح ساڑھے گیارہ بجے تک ملتوی کردیا۔

قومی اسمبلی کے آج کے اجلاس کے ایجنڈے میں وزیر اعظم کے خلاف عدم اعتماد کی قرارداد پر اجلاس میں بحث بھی شامل تھا اور اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کو بحث کا آغاز کرنا تھا۔

وزیراعظم کے خلاف عدم اعتماد کی قرارداد میں کہا گیا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان ایوان کا اعتماد کھوچکے ہیں، عمران خان اب وزارتِ عظمی کے عہدے پر فائز نہیں رہ سکتے۔

اجلاس شروع ہوا تو مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے مطالبہ کیا کہ تحریک عدم اعتماد پر فوری ووٹنگ کرائی جائے، شیخ روحیل اصغر نے بھی کہا کہ میرا بھی مطالبہ ہے ووٹنگ کرائی جائے، اپوزیشن اراکین تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ کرانے کا مطالبہ کرتے رہے، اور قاسم سوری نے اچانک اجلاس ملتوی کرنے کا اعلان کر دیا۔

اجلاس اچانک ملتوی کیے جانے پر اپوزیشن اراکین نے شدید احتجاج کیا اور اسپیکر ڈائس کا گھیراؤ بھی کیا۔

اس موقع پرایوان لوٹے لوٹے کے نعروں سے گونج اٹھا اور دوسری طرف حکومتی اراکین عمران خان کے بارے میں کہتے ہیں کہ آخری بال تک کھیلنے والا اب بھاگ گیا ہے

ادھرپی ٹی آئی منحرف اراکین اسمبلی کیخلاف سخت کارروائی کا آغاز:مستقبل تباہ ہونے کا خدشہ ،اطلاعات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئر مین عمران خان کی ہدایت پر قومی اسمبلی میں منحرف اراکین کیخلاف سخت کارروائی کا آغاز ہوگیا۔

تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے 22 منحرف اراکین سامنے آئے ہیں جس پر پارٹی کی طرف سے ان اراکین کیخلاف فیصلہ کن کارروائی کے معاملے پر غور کیا گیا۔ مشیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر بابر اعوان نے پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ کا دورہ کیا اور رکن قومی اسمبلی عامر محمود کیانی سے خصوصی ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران منحرف اراکین قومی اسمبلی کو اظہار وجوہ کے نوٹسز کے اجراء کی حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا گیا، اظہار وجوہ کے نوٹسز کے ڈرافٹ کو حتمی شکل دے دی گئی۔ نوٹسز دستور پاکستان کے آرٹیکل 63-اے کے تحت جاری کئے جارہے ہیں، دستور پاکستان کا آرٹیکل 63-اے اراکین اسمبلی کے فلور کراس کرنے پر کڑی قدغن عائد کرتا ہے، آئین کے تحت پارلیمانی پارٹی کے سربراہ کی جانب سے جاری پارٹی پالیسی سے انحراف کا مرتکب رکن قومی اسمبلی کو اپنی نشست سے ہاتھ دھونا ہوتے ہیں۔

نوٹسز کے مطابق تحریک انصاف کے منحرف اراکین قومی کو یکم اپریل دن 12 بجے تک اپنی پوزیشن واضح کرنے کی مہلت دی جائیگی۔ یکم اپریل دن 12 بجے تک جماعت کو مطمئن نہ کرنے والے اراکین کیخلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی، ملاقات میں پارٹی پالیسی سے کھلے انحراف کے مرتکب اراکین قومی اسمبلی کیخلاف باضابطہ ریفرنسز سپیکر کو بھجوائے جائیں گے۔ تحریک انصاف دستور کے آرٹیکل 63-اے کے تحت سپیکر سے منحرف اراکین کی نشستوں کو خالی قرار دینے کی سفارش کرے گی۔

 

Comments are closed.