مزید دیکھیں

مقبول

نوح دستگیر اور شاہ حسین شاہ پر پاکستان کو فخر ہے. آئی ایس پی آر

22ویں کامن ویلتھ گیمز میں طلائی تمغہ جیتنے والے پاکستانی ویٹ لفٹر نوح دستگیر بٹ نے اپنے والد کی ایک خواہش پوری کر دی مگر اب اُن کی نظریں اولمپک اور ورلڈ گولڈ میڈل پر جمی ہوئی ہیں کیونکہ اُن کے والد بھی اسی کی خواہش رکھتے ہیں۔

کامن ویلتھ گیمز میں طلائی تمغہ جیتنے پر پاکستان آرمی نے ویٹ لفٹر نوح دستگیر کو مبارکباد دی جبکہ شاہ حسین شاہ کو برونز میڈل (کانسی کا تمغہ) جیتنے پر سراہا.

آئی ایس پی آر نے اپنے ٹوئیٹر اکاؤنٹ پر لکھا: کامن ویلتھ گیمز میں کامیابی پر نوح دستگیر اور شاہ حسین شاہ کو افواج پاکستان کی طرف سے مبارک باد پیش کرتے ہیں.
https://twitter.com/OfficialDGISPR/status/1555411447139614720
انٹر سروس پبلک ریلیشن نے مزید کہا: آپ دونوں نے پاکستان کا سر فخر سے بلند کیا ہے، لہذا پاکستان کو آپ پر فخر ہے.

نوح کی کامیابی کا راز

نوح دستگیر کے والد غلام دستگیر نے برطانوی نشریاتی ادارے کو بتایا کہ ’اب میری تمام تر توجہ نوح اور چھوٹے بیٹے ہنزلہ کی ٹریننگ پر مرکوز ہے۔

’یہ ٹریننگ صبح فجر کے وقت سے شروع ہوتی ہے اور صبح نو بجے تک جاری رہتی ہے جس کے بعد دوسرا سشین دوپہر کو شروع ہوتا ہے۔‘

غلام دستگیر بٹ کا کہنا تھا ´ہمیں ڈوپ ٹیسٹ وغیرہ کا قطعاً خوف نہیں ہے کیونکہ ہم کسی بھی قسم کی میڈیسن استعمال نہیں کرتے اور ہم علی الاعلان کہتے ہیں کہ جب بھی چاہیں اور جہاں چاہیں نوح اور ہنزلہ کے ڈوپ ٹیسٹ کرا لیں۔ نوح اب تک اپنے کیریئر میں اٹھارہ، انیس مرتبہ ڈوپ ٹیسٹ کے عمل سے گزر چکے ہیں۔ نوح کی خوراک مکمل طور پر دیسی ہے۔‘

غلام دستگیر بٹ بھی اس بات کو محسوس کرتے ہیں کہ اگر نوح نے اولمپکس اور ورلڈ چیمپئن شپ میں گولڈ میڈل جیتنا ہے تو انھیں تمام ضروری سہولتیں فراہم کرنی ہوں گی۔

وہ کہتے ہیں ’کامن ویلتھ گیمز کے گولڈ میڈل کے بعد ہم اب اس پوزیشن میں آئے ہیں کہ حکومت اور فیڈریشن سے اس بارے میں بات کر سکیں کہ گولڈ میڈل کے لیے بنیادی سہولتیں کتنی ضروری ہیں۔‘

غلام دستگیر بٹ کو اپنے چھوٹے بیٹے ہنزلہ سے بھی بڑی امیدیں وابستہ ہیں جو ’بدقسمتی سے ہاتھ میں فریکچر ہونے کی وجہ سے کامن ویلتھ گیمز میں میڈل حاصل نہ کر سکے۔‘

شاہ حسین شاہ کے والد کا ویڈیو بیان

پاکستان کے لیے اولمپکس میں کانسی کا تمغہ جیتنے والے باکسر حسین شاہ کے صاحبزادے شاہ حسین شاہ نے کامن ویلتھ گیمز میں کانسی کا تمغہ جیتا ہے جس پر سابق قومی ایتھلیٹ نے خوشی کا اظہار کیا۔

اپنے ویڈیو پیغام میں سابق پاکستانی باکسر حسین شاہ نے کہاکہ بغیر کسی کوچ کے شاہ حسین شاہ نے محنت کی اور اس کی یہ محنت رنگ لائی۔

انہوں نے اپنی ویڈیو میں یہ بھی کہا کہ جس طرح میں نے اولمپکس میں کانسی کا تمغہ جیتا تھا اسی طرح میرے بیٹے نے بھی کامن ویلتھ گیمز میں کانسی کا ہی تمغہ جیتا ہے۔

حسین شاہ نے کہا کہ بیٹا شاہ حسین شاہ کانسی کا تمغہ جیتنے پر خوش نہیں ہے کیونکہ اس نے سونے کا تمغہ جیتنے کی تیاری کر رکھی تھی۔

انہوں نے عوام سے دعا کی اپیل کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ شاہ حسین شاہ اسلامک گیمز میں گولڈ میڈل جیت کر پاکستان لائے گا۔

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
آن لائن ایڈیٹر، اسلام آباد Follow @MalikRamzanIsra