(ن) لیگ نے کراچی گرین لائن منصوبے کا علامتی افتتاح کردیا

کراچی : (ن) لیگ نے کراچی گرین لائن کو نواز شریف کا منصوبہ قراردے کرعلامتی افتتاح کردیا۔

پاکستان مسلم لیگ(ن) کے مرکزی سیکریٹری جنرل و سابق وفاقی وزیر احسن اقبال نے کراچی گرین لائن میٹرو بس منصوبے کا علامتی افتتاح کردیا۔ (ن) لیگی کارکنوں نے ناظم آباد 7 نمبر گرین لائن ٹریک پرجانے کی کوشش کی جس پرانتظامیہ نے راستے بند کردیئے اور ان کو وہاں داخلے سے روک دیا۔ اس موقع پر (ن) لیگی کارکنان نے نعرے بازی کی۔

کراچی میں گرین لائن میٹرو کے علامتی افتتاح کے موقع پر (ن) لیگ کے رہنما احسن اقبال کا کہنا تھا کہ کراچی گرین لائن کامنصوبہ مسلم لیگ ن نے 2016 میں شروع کیا تھا، اس منصوبے کی بنیاد مذکورہ وقت کے وزیراعظم نوازشریف نے رکھی، یہ منصوبہ دسمبر2018میں مکمل ہوناتھا، اس منصوبے کی تعمیرمیں تاخیرکی گئی کیونکہ یہ ن لیگ کامنصوبہ تھا، لوگ کراچی میں ناقص ٹرانسپورٹ میں دھکے کھاتے رہے ہیں، سواتین سال میں بھی مکمل نہیں کیاجاسکا، یہ حکومت (ن) لیگ کے منصوبوں پرتختیاں لگاتی رہی ہے۔

احسن اقبال نے کہا کہ سیاسی کارکنان پرسیکیورٹی ادارے نے تشدد کیا جس سے ایک کارکن زخمی ہوا، مجھے خوشی ہے کہ اس افتتاح میں ہماراخون بھی شامل ہے قانون نافذ کرنے والے ادارے سے یہ حکومت پولیس والا کام لے رہی ہے، اس ادارے کوسیاست کے لیے استعمال کیا گیا۔

احسن اقبال نے مزید کہا کہ یہ ریاست دہشت گردوں کے آگے بے بس نظرآتی ہے یہ صرف غیر مسلح سیاسی کارکنوں پرسارا زورلگاتے ہیں ہم نے پہلے بھی گولیاں کھائی ہیں اگراب بھی میرا لہو کراچی کی سرزمین پرگراہے تویہ میرے لیے فخرکی بات ہے میرا ساتھ جو ہوا وہ قابل مذمت عمل ہے ہم نے سندھ کی ترقی کاجوسفرشروع کیا، اس حکومت نے تباہ کردیا، ہم نے سکھرملتان موٹروے بنایا، سکھر، حیدرآباد منصوبہ بھی 2020میں مکمل ہوجاتا اگراس پرکام نہیں روکا جاتا۔

پی ٹی آئی کے رہنما شہباز گل نے (ن) لیگ کی جانب سے گرین لائن کے علامتی افتتاح پرردعمل میں کہا کہ آج ن لیگ کے سیاسی مداریوں نے کراچی گرین لائن کے فٹ پاتھ پر تماشہ کیا۔

شہباز گل نے ٹوئٹ میں کہا کہ ان کو بتانا پڑے گا کہ یہی منصوبہ ہے جس کا آپ نے کاغذوں میں پلان بنایا،پیسے رکھےپھر وہی والا پیسہ لوٹ کرلندن میں عمارتیں خرید لیں۔ اصل میں تو آپکو ایون فیلڈ کے فٹ پاتھ پر کھڑے ہو کر ٹھگ ہاؤس کا افتتاح کرنا چاہئے ۔

وزیراعظم عمران خان 10 دسمبر کو کراچی کے پہلے جدید ٹرانسپورٹ نظام گرین لائن منصوبے کا افتتاح کریں گے اور تقریباً دو ہفتے ٹرائل آپریشن کے بعد 25 دسمبر کو کمرشل آپریشن کا آغاز کر دیا جائے گا۔

Comments are closed.