ملکہ ترنم نور جہان کی آج 20 ویں برسی منائی جا رہی ہے
پاکستان شوبز انڈسٹری کی لیجنڈری اور سینئیر اداکارہ بشریٰ انصاری کا کہنا ہے کہ وہ ملکہ ترنم میڈم نورجہاں کی 20 ویں برسی پر عظیم گلوکارہ کی ساڑھی پہن کر بہت خوش قسمت اور جذباتی محسوس کررہی ہیں۔
باغی ٹی وی : بشریٰ انصاری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر ملکہ ترنم میڈم نورجہاں کی ساڑھی زیب تن کئے ایک تصویر شیئر کی جس کے پس منظر میں میڈم کو بھی وہی ساڑھی زیب تن کیے دیکھا جاسکتا ہے۔
سینئر اداکارہ نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر تصویر شئیر کرتے ہوئے بتایا کہ انہیں یہ ساڑھی نورجہاں کی بیٹیوں نے بطور تحفہ دی ہے انہوں نے یہ بہترین تحفہ دینے پر ان کا شکریہ بھی ادا کیا۔
نورجہاں کی 20ویں برسی پر بشریٰ انصاری نے انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ میں بہت خوش قسمت محسوس کررہی ہوں کہ مجھے میڈم نورجہاں کی بیٹی نے اپنی والدہ کی ساڑھی بطور تحفہ دی۔
انہوں نے کہا کہ میں اس ساڑھی کو زیب تن کرنے کے بعد بہت جذباتی ہوگئی ہوں-
بشریٰ انصاری نے یہ اپنے پیغام کے آخر میں یہ بھی کہا کہ نورجہاں کی 20 ویں برسی پر میں انہیں خراج عقیدت اپنے یوٹیوب چینل پر منفرد انداز میں پیش کروں گی۔
علاوہ ازیں بشری انصاری نے یوٹیوب پر ملکہ ترنم نورجہان کو ان کی برسی پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ایک ویڈیو شئیر کی جس میں ان کو نورجہان کی قبر پر حاضری دیتے اور فاتحہ خوانی کرتے دیکھا جا سکتا ہے ساتھ ہی انہوں نے ویڈیو میں نور جہان کی ساڑھی پہن رکھی ہے جس جے بارے میں انہوں نے بتایا کہ ان کی بہت عرصے سے خواہش تھی کہ وہ نورجہان کی ساڑھی پہنیں جس کے لئے انہوں نے عظیم گلوکارہ کی بیٹیوں سے درخواست کی اور انہوں نے انہیں اپنی والدہ کی ساڑھی گفٹ کی-
واضح رہے کہ میڈم نور جہان نے اپنے فنی کیریئر کا آغاز 1935 میں ’پنڈ دی کڑی‘ سے کیا ۔ قیام پاکستان کے بعدوہ اپنے شوہر شوکت حسین رضوی کے ہمراہ ممبئی سے کراچی شفٹ ہو گئیں۔ملکہ ترنم نورجہاں نے مجموعی طور پر 10ہزار سے زائد غزلیں و گیت گائے جن میں ان کا سب سے پہلا گانا ’’مجھ سے پہلی سی محبت میرے محبوب نہ مانگ‘‘ بے پنا ہ ہٹ ہوا جس نے ملکہ ترنم کو کامیابیوں کے نئے سفر پر گامزن کر دیا۔
ملکہ ترنم نور جہاں کی فنی خدمات کے اعتراف میں حکومت پاکستان نے انہیں تمغہ امتیاز اور پرائیڈ آف پرفارمنس کے اعزازات سے بھی نوازا۔ برصغیر کی یہ عظیم گلوکارہ 23 دسمبر 2000 کو انتقال کر گئیں تھیں انھیں کراچی میں سپرد خاک کیا گیا۔