نوری آباد: مسافروں سے لوٹ مار کرنے والے4 پولیس اہلکار گرفتار

نوری آباد (باغی ٹی وی نامہ نگار اللہ وسایا پالاری)پولیس کا مسافروں سے لوٹ مار کا سلسلہ جاری، یوٹیوبر کی ویڈیو وائرل ہونے پر کارروائی، موٹروے ایم نائن پر گزرنے والے مسافروں سے نوری آباد پولیس کی جانب سے لوٹ مار کا سلسلہ جاری ہے۔ حال ہی میں یوٹیوبر حسن بن شاہد کوکراچی سے لاہور جاتے ہوئے چوکی نمبر 5 پر روک لیاگیا۔

یوٹیوبر کے مطابق ان کی گاڑی کے کاغذات پورے ہونے کے باوجود پولیس نے انہیں روکے رکھا اور رشوت طلب کی گئی۔ اس پوری واقعے کی ویڈیو یوٹیوبر نے سوشل میڈیا پر شیئر کردی جس کے بعد اس ویڈیو نے وائرل ہونے میں زیادہ وقت نہیں لگایا۔

سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل ہونے کے بعد ایس ایس پی جامشورو طارق نواز نے نوٹس لیتے ہوئے فوری کارروائی کا حکم دیا۔ اس حوالے سے تھانہ نوری آباد میں ہیڈ کانسٹیبل غلام علی کلہوڑو، ہیڈ کانسٹیبل محمد رمضان بھٹی، ڈرائیور کانسٹیبل محمد پریل چانڈیو اور کانسٹیبل فل محمد خاصخیلی کے خلاف مقدمہ درج کرکے چاروں اہلکاروں کو لاک اپ کردیا گیا۔

شہری حلقوں کے مطابق یہ واقعہ ایک بار پھر پولیس کی بدعنوانی اور مسافروں کو ہراساں کرنے کا ایک سنگین مثال ہے۔ اس واقعے نے عوام میں پولیس کے خلاف مزید نفرت پیدا کردی ہے۔ عوام کا مطالبہ ہے کہ ایسے عناصر کو عبرتناک سزا دی جائے تاکہ آئندہ کوئی ایسا واقعہ پیش نہ آئے۔

Leave a reply