نوری آباد،باغی ٹی وی (نامہ نگار اللہ وسایا پالاری)سری شہر میں بجلی کے طویل بریک ڈاؤن کے خلاف شٹر ڈاؤن ہڑتال،شدید احتجاج
تفصیل کے مطابق سری شہر میں بجلی کے طویل بریک ڈاؤن کے خلاف شہر کے مکینوں اور دکانداروں نے شٹر ڈاؤن ہڑتال کر کے شدید احتجاج کیا۔
احتجاج میں دکانداروں،اور سیاسی سماجی شخصیات کشو مل دادانی، درمن مل دادانی ،سماجی کارکن جمیل خاصخیلی ،جانی خاصخیلی، عبدالمجید خاصخیلی ،دیپو کمار، ٹمن مل اور دیگر نے شرکت کی۔

صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دادا بھائی سے لیکر سینکڑوں دیہات کی بجلی گزشتہ دس دنوں سے منقطع ہے۔ ہم بل ادا کرتے ہوئے بھی بجلی نہ ہونے کی وجہ سے پریشان ہو رہے ہیں۔ کاروبار تباہ ہو گیا۔

دوسری جانب گاؤں والوں نے صحافيوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ مچھروں کی بہتات نے ہمارا جینا حرام کر دیا جسکی وجہ سے ملیریا اور ڈینگی جیسی بیماریوں نے ہمیں گھیر رکھا ،ہم بہت پریشان ہیں،جان بوجھ کر بجلی کاٹ کر پریشان کیا جا رہا ہے۔

کون سی خرابی ہے جو دس دن سے صحیح نہیں ہوئی، بجلی کی سپلائی منقطع، شہریوں کی زندگی عذاب بن گئی، ہم شدید گرمی میں تڑپ رہے ہیں، معصوم بچوں اور بوڑھوں کے ساتھ ساتھ ہماری زندگی عذاب ہو گئی ہے۔ ، اور مزید کہا کہ ہم واپڈا کے بالاافسران کو درخواست کرتے ہیں کہ ہمیں بجلی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے

Shares: