شمالی کوریا کے صدر کی یوکرین میں روس کی جنگ کی "بھرپور حمایت”

فروری 2022 میں یوکرین پر ماسکو کے حملے کے بعد سے روس اور شمالی کوریا نے اپنے فوجی تعلقات میں اضافہ کیا ہے
askari muahda

روسی وزیر دفاع آندرے بیلوسوف نے جمعے کے روز شمالی کوریا کے صدر کم یونگ اُن سے ملاقات کی۔

باغی ٹی وی: سرکاری میڈیا کے مطابق ملاقات میں دونوں ملکوں کے بیچ فوجی تعاون بڑھانے پر اتفاق رائے ہوا، اس موقع پر شمالی کوریا کے سربراہ نے یہ عزم کیا کہ ان کا ملک یوکرین میں روس کی جنگ کی "بھرپور حمایت” کرے گا۔

شمالی کوریا کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق بیلوسوف کا دورہ "دونوں ملکوں کی دفاعی صلاحیتوں کو بڑھانے، دونوں ملکوں کے بیچ دوستانہ اور متبادل تعاون بڑھانے اور دونوں ملکوں کی افواج کے بیچ تعلقات کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا”۔

واضح رہے کہ شمالی کوریا نے یوکرین میں روس کی فوجی کارروائی کی حمایت کی تھی۔ ماسکو اور پیانگ یانگ دونوں ہی اسے مشرق میں نیٹو اتحاد کی "غیر ذمے دارانہ” پیش قدمی اور امریکا کے زیر قیادت اقدامات کے جواب میں دفاعی رد عمل قرار دے چکے ہیں۔ ان کے مطابق نیٹو اور امریکا کے اقدامات کا مقصد روس کی بطور ایک طاقت ور ریاست حیثیت ختم کرنا ہےمغرب یہ سمجھتا ہے کہ شمالی کوریا کے تقریبا 10 ہزار فوجی روس کے مغربی حصے میں یوکرین کی سرحد کے نزدیک واقع علاقے کورسک بھیجے گئے۔ ماسکو اور پیانگ یانگ کی جانب سے اس کی تصدیق نہیں کی گئی۔

فروری 2022 میں یوکرین پر ماسکو کے حملے کے بعد سے روس اور شمالی کوریا نے اپنے فوجی تعلقات میں اضافہ کیا ہے، دونوں ملکوں نے رواں سال جون میں تزویراتی شراکت داری کے ایک معاہدے پر دستخط کیے تھے اس معاہدے کے مطابق کسی بھی حملے کی صورت میں متبادل عسکری مدد کی جائے گی اور مغرب کی جانب سے پابندیوں کا مقابلہ کرنے کے لیے باہمی تعاون کیا جائے گا۔

شمالی کوریا کی جانب سے اپنی افواج روس میں بھیجے جانے کے نتیجے میں جنوبی کوریا اب یوکرین کے ساتھ اپنے سیکورٹی تعلقات گہرے بنانے پر مجبور ہو گیا ہے۔

Comments are closed.