کراچی: سی این جی گاڑیاں رکھنے والوں کے لیے سخت سردی میں گرم خوشخبری،اطلاعات کےمطابق سوئی سدرن گیس کمپنی نے سی این جی ایسوسی ایشن کو فلنگ اسٹیشن کھولنے کی اجازت دے دی۔
ذرائع کے مطابق سی این جی ایسوسی ایشن اور ایس ایس جی سی حکام کے درمیان گیس بندش کے حوالے سے اہم ملاقات ہوئی جس میں موجودہ صورتحال اور شہریوں کو درپیش مسائل کے حوالے سے گفتگو کی گئی۔
ایس ایس جی سی حکام نے سی این جی ایسوسی ایشن کو 8 گھنٹے اسٹیشن کھولنے کی اجازت دی، جس کے تحت کراچی اور سندھ کے تمام سی این جی اسٹیشنز کل یعنی جمعرات کی شب 10 بجے سے آئندہ 8 گھنٹے یعنی جمعے کی صبح 6 بجے تک صارفین کو سی این جی فراہم کریں گے۔
ادھرادارے کے ترجمان کی جانب سے جاری اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ ’ایس ایس جی سی حکام نے سندھ بھر کے تمام اسٹیشن بروز جمعرات بتاریخ 2 جنوری رات دس بجے سے تین جنوری کی صبح 6 بجے تک کھولنے کی اجازت دی’۔ اعلامیے کے مطابق جمعے کو 6 بجے بند ہونے کے بعد سی این جی اتوار 5 جنوری 8 بجے سے آئندہ 12 گھنٹے تک تمام اسٹیشنز پر دستیاب ہوگی۔