واشنگٹن:جوہری آبدوز کو حادثہ، 12 فوجی زخمی:ہلاکتوں کا بھی اندیشہ،اطلاعات کے مطابق امریکی بحریہ کا کہنا ہے کہ اس کی ایک جوہری آبدوز کے بحیرہ جنوبی چین میں کسی نامعلوم شے سے ٹکرانے کے واقعے کی تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔
خبر رساں اداروں کے مطابق اس حادثے میں تقریباً ایک درجن فوجیوں کو معمولی زخم آئے۔ امریکی بحریہ کے بحرالکاہل بیڑے نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اس کی ایٹمی آبدوز یو ایس ایس کنیکٹی کٹ بحیرہ جنوبی چین میں معمول کی سرگرمیوں کے دوران کسی نامعلوم شے سے ٹکرائی۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ آبدوز کی حالت مستحکم ہے اور کسی کو کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے۔ تاہم بحریہ کی خبریں دینے والی ایک ایجنسی یو ایس این آئی نیوز کے مطابق تقریباً ایک درجن فوجی جوان معمولی چوٹ کے ساتھ زخمی ہوئے ہیں۔ امریکی بحریہ نے ایک بیان میں کہا کہ کسی کو ایسی چوٹ نہیں آئی جس سے جانی نقصان کا خطرہ ہو اور آبدوز پوری طرح کام کررہی ہے۔
یہ بھی اطلاعات ہیں کہ آبدوز پوری طرح محفوظ اور مستحکم حالت میں ہے۔ یو ایس ایس کنیکٹی کٹ کے نیوکلیائی پروپلسن پلانٹ اور دیگر شعبے متاثر نہیں ہوئے ہیں اور اب بھی پوری طرح کام کر رہے ہیں۔ امریکی بحریہ نے کہا کہ اس حادثے میں ہونے والے نقصان کا تجزیہ کیا جارہا ہے اور واقعے کی تفتیش کی جارہی ہے۔
یہ آبدوز تیز رفتار حملہ کرنے والے آبدوزوں کے زمرے میں آنے والے سی وولف کلاس کی ایٹمی آبدوز ہے اور امریکی بحریہ کے بحرالکاہل بیڑے کے تحت کام کرتی ہے۔ حادثے کے بعد اسے گوام میں واقع امریکی اڈے کی طرف روانہ کردیا گیا ہے۔








