اسلام آباد :وزیراعظم عمران خان کا پاکستان کی معیشت کو بہتر کرنے اور ملکی مالیاتی نظام کو مضبوط کرنے کا عزم رنگ لے آیا ، پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کی معاشی پالیسیوں کے مثبت اثرات سامنے آنے لگے ، انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے والوں کی تعداد میں 25 لاکھ سے تجاوز کر گئی۔

ایف بی آر کے ذرائع کے مطابق21 اگست تک انکم ٹیکس فائلرز کی تعداد میں ایک سال کے دوران 69 فیصد اضافہ ہوا ہے، گزشتہ سال کےمقابلےمیں 13 لاکھ ساٹھ ہزار فائلرزکااضافہ ریکارڈ کیا گیا۔گزشتہ سال یہ تعداد 15 لاکھ تھی۔گوشوارے جمع کروانے والوں کی تعدادمیں یہ اضافہ تاریخی ہے، رواں مالی سال کیلئےحکومت نےٹیکس وصولیوں کا ہدف پانچ ہزار پانچ سو پچاس ارب روپے رکھا ہے۔

اسٹیٹ بنک آف پاکستان کے تازہ اعداد و شمار کے مطابق حکومتی اقدامات کی وجہ سے پاکستان کے جاری کھاتوں کے خسارے میں 73 فیصد کمی واقع ہوئی ہے، جولائی 2018 میں جاری کھاتوں کا خسارہ 2.13 ارب ڈالر تھا جو 2019 میں کم ہوکر 579 ملین ڈالر رہ گیا، جو کہ مجموعی خسارے کا 72 فیصد ہے۔اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ ماہ جاری کھاتوں کا خسارہ کم ہوکر مجموعی گھریلو پیداوار (جی ڈی پی) کا 2.5 فیصد رہ گیا۔ 2018 میں یہ جی ڈی پی کا 8.3 فیصد تھا۔ یاد رہے کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان اس وقت دن رات ایک کرکے ملکی معیشت کو بہتر کرنے کے لیے کوشاں ہیں اور یہ عزم دہراتے ہوئے نظر آرہے ہیں کہ وہ پاکستان کو دنیا کی مضبوط ترین معاشی قوت بنا کر رہیں‌گے

Shares: