عالمی شہرت یافتہ ممتاز گلوکار نصرت فتح علی کی 73ویں سالگرہ

سُر اور سنگیت کے عظیم گلوکار استاد نصرت فتح علی خان کی 73ویں سالگرہ منائی جا رہی ہے-

باغی ٹی وی :استاد نصرت فتح علی خان عظیم پاکستانی قوال، موسیقار اور گلوگار تھے، وہ فیصل آباد میں قوالی سے تعلق رکھنے والے ایک گھرانے میں پیدا ہوئے، نصرت فتح علی خان کے والد فتح علی خان اور تایا مبارک علی خان اپنے وقت کے مشہور قوال تھے۔

فیصل آباد کے معروف گھرانے سے تعلق رکھنے والے ممتاز گلو کار اور منفرد لہجے کے قوال و موسیقار اور فنکار استاد نصرت فتح علی خان نے سینکڑوں کی تعداد میں انتہائی خوبصورت اور یاد گار غزلیں، قوالیاں اور گیت پیش کیے۔

ںصرت فتح علی خان عالمی شہرت رکھتے تھے، بھارت میں گلوکاری کے شعبہ سے منسلک کئی بڑے نام جیسے کہ جاوید اختر، لتا منگیشکر، استاد نصرت فتح علی خان کے مداح تھے۔

قوالی کے لیجنڈ نصرت فتح علی خان نے اپنی تمام عمر قوالی کے فن کو سیکھنے اور سیکھانے میں صرف کی، انہوں نے صوفیائے کرام کے پیغام کو دنیا کے ہر کونے تک پہنچایا اور اسی بنا پر ان کو خود بے پناہ شہرت نصیب ہوئی۔

نصرت فتح علی خان نے کلاسیکل موسیقی کو ایک نیا رنگ دیا، انہوں نے اس کو جدید میوزک کے منفرد انداز میں کچھ اس طرح پیش کیا کہ ان کے گانے ہر عمر کے لوگوں میں مقبول ہوگئے۔

نصرت فتح علی خان نے صوفی گلوکاری کو بھی نئے انداز سے بنا کر پیش کیا جس کے باعث ان کے گائے کلام نہ صرف پاکستان میں بلکہ امریکہ اور یورپ جیسے ممالک میں بھی سنے گئے۔

استاد نصرت فتح علی خان کو کئی اعزازت سے بھی نواز گیا، 1987 میں حکومت پاکستان کی جانب سے انہیں پرائیڈ آف پرفارمنس (تمغہ حسن کارکردگی) اور پاکستان فلم انڈسٹری اور موسیقی کی دنیا میں کی گئی خدمات پر انہیں نگار ایوارڈ سے بھی نوازا گیا اور1997 انہیں گرامی ایوارڈز کیلئے بھی نامزد کیا گیا۔

نصرت فتح نے قوالی کے 125 آڈیو البم ریلیز کئے جو کہ ورلڈ ریکارڈ بھی ہے۔

استاد نصرت فتح علی خان کی قوالی ’دم مست قلندر علی علی‘ کو عالمی مقبولیت حاصل ہے اس قوالی کے منظر عام پر آتے ہی نصرت فتح علی خان کی عالمی شہرت میں کئی گنا اضافہ ہوا۔

میری زندگی ہے تو، کسی دا یار نا بچھڑے، تم اک گورکھ دھندا ہو، یہ جو ہلکا ہلکا سرور ہے، دل لگی، اللہ ھو اور وہی خدا ہے ، ’میرا پیا گھر آیا‘، ’کنا سوہنا تینوں رب نے بنایا‘سمیت کئی قوالیاں آج بھی لیجنڈری گلوکار کو زندہ کیے ہوئے ہیں۔

انہوں نے ہولی وڈ فلموں ’ڈیڈ مین واکنگ‘، ’بینڈٹ کوئین‘، اور ’نیچرل بورن کلرز‘ وغیرہ کیلئے بھی گیت گائے اور بنائے۔

13 اکتوبر 1948ء کو پیدا ہونے والے استاد نصرت فتح علی خان جگر و گردوں کے عارضہ سمیت مختلف امراض میں مبتلا ہونے کے باعث صرف 48 سال کی عمر میں 16اگست 1997ء کو کروڑوں مداحوں کو چھوڑ کر اس دنیا سے رخصت ہوگئے۔

Comments are closed.