اسلام آباد: مسلم لیگ (ن) کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کا ورچوئل اجلاس جاری، اجلاس میں حکومت کے خلاف تحریک عدم اعتماد سمیت تمام قانونی، اور آئینی راستے کے لیے فیصلوں کا اختیار پارٹی کے قائد نوازشریف کو دیا گیا ہے۔

باغی ٹی وی :تفصیلات کے مطابق ن لیگ کی سی ای سی کا اہم ورچوئل اجلاس منعقد ہوا ہے جس میں میاں نواز شریف اور شہباز شریف سمیت متعدد دیگر رہنماؤں نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی ہے۔ اجلاس میں پارٹی کی سیاسی حکمت عملی کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔

سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس میں حکومت کو ہٹانے کے لیے تمام ممکنہ آپشنز پر غور کیا گیا اور شرکا نے پارٹی قیادت پربھرپور اعتماد کا اظہار کیاعلاوہ ازیں پارٹی کے قائد نواز شریف نے شہبازشریف کو حکومت مخالف اتحاد پاکستان ڈیموکریکٹ موومنٹ (پی ڈی ایم) کا اجلاس فوری بلانے کی ہدایت کردی ہے۔

سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کے دوران نواز شریف نے کہا کہ شہباز شریف پی ڈی ایم اجلاس میں عدم اعتماد سمیت قانونی راستے اختیار کرنے کے لیے کردار ادا کریں۔


دوسری جانب پاکستان مسلم لیگ (ن) کی مرکزی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ عمران حکومت کو جانا ہوگا، اس پر پارٹی میں مکمل اتفاق رائے ہےسماجی رابطوں کی ویب سائٹ ’ٹوئٹر‘ پر جاری کردہ بیان میں انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی قیادت پر پارٹی نے بھرپور اعتماد کا اظہار کیا ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ پارٹی نے تمام فیصلوں کا اختیار نواز شریف کو دیا ہے میاں شہبازشریف کو حکومت کے خلاف حکمت عملی کے لیے سیاسی جماعتوں سے رابطے کا ٹاسک دے دیا گیا ہے عمران حکومت کا ایک ایک دن عوام کی اذیت میں اضافہ کرے گا۔

Shares: