سرینگر:مقبوضہ کشمیر:بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں کشمیریوں کا قتل عام جاری:عالمی برادری پرخاموشی طاری،اطلاعات کے مطابق غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں بھارتی فوجیوں نے اپنی ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی کے دوران آج سرینگر میں 4 کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق بھارتی فوجیوں نے نوجوانوں کو سرینگر کے علاقہ نوگام میں محاصرے اورتلاشی کی ایک کارروائی کے دوران شہید کیا۔ فوجیوں نے علاقے کے تمام داخلی اور خارجہ مقامات کی ناکہ بندی کردی اور لوگوں کو گھروںسے باہر نکلنے کی اجازت نہیں دی ۔
آخری اطلاعات ملنے تک علاقے میں فوجی کارروائی جاری تھی ۔ ریلوے حکام نے بانہال سے بارہمولہ تک ریل سروس کو معطل کردیا ہے ادھر ذرائع کے مطابق کپواڑہ میں بھی ایک کشمیری نوجوان کو شہید کردیا گیا ہے
آزاد جموںوکشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہاہے کہ عالمی برداری کو بھارتی حکومت کی جارحیت اور اسکے جنگی جنون کے رویے کا نوٹس لینا چاہیے جو جنوب ایشیائی خطے کے امن واستحکام کے لئے سنگین خطرہ ہے۔
کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق آج مظفر آباد میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ بھارت اپنی فوجی طاقت کا استعمال کرکے کشمیریوں کی حق خودارادیت کی جدوجہد کو دبانے پر تلا ہوا ہے۔
انہوں نے کہاکہ آزادجموں وکشمیر کی حکومت نے جو تحریک آزادی کشمیر کا بیس کیمپ ہے ،ایک جامع حکمت عملی تیار کی ہے تاکہ دنیا کی توجہ مقبوضہ جموںوکشمیر میں بھارتی فوجیوں کی طرف سے جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی طرف مبذول کرائی جائے۔