اوچ شریف باغی ٹی وی ( نامہ نگار حبیب خان)قومی شاہراہ پر پل موہانہ کے قریب پولیس کی کارروائی بین الصوبائی منشیات اسمگلر گرفتار ، 2 من منشیات (بھنگ) برآمد ، گرفتار منشیات اسمگلر مرید عباس خیر پور میرس سندھ کا رہائشی اور سندھ ، پنجاب کے مختلف علاقوں میں منشیات سپلائی کرتا ہے ۔ مقدمہ درج مزید تحقیقات جاری ۔ ایس ایچ او حاجی مسلم ضیاء

تفصیل کے مطابق ایس ایچ او تھانہ اوچ شریف حاجی مسلم ضیاء کی سربراہی میں پولیس آفیسر محمد سعید چٹھہ اور دیگر پولیس اہلکاروں نے خفیہ اطلاع پر پل موہانہ کے قریب کارروائی کرتے ہوئے سندھ سے پنجاب منشیات کی سپلائی کے لئے آئے منشیات کے بین الصوبائی اسمگلر کو گرفتار کرکے دو من منشیات ( بھنگ ) برآمد کرلی ، پولیس کے مطابق گرفتار منشیات اسمگلر مرید عباس خیر پور میرس (سندھ ) کا رہائشی ہے اور سندھ پنجاب سمیت دیگر صوبوں میں منشیات سپلائی کرتا ہے ۔

ایس ایچ او تھانہ اوچ شریف حاجی محمد مسلم ضیاء نے اے ایس آئی محمد سعید چٹھہ کے ہمراہ میڈیا کو بتایا کہ گرفتار منشیات اسمگلر کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے اور اس حوالہ سے مزید تفتیش شروع کردی ہے ۔ اس کے ساتھیوں اور اس سے منشیات خرید کرنے والوں کو بھی قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا ۔

انہوں نے کہ منشیات فروشی کا دھندہ کرنے والے معاشرہ کے ناسور ہیں ۔ جن کے خلاف ڈی پی او بہاول پور سید محمد عباس کی قیادت میں ان کے احکامات کے مطابق بھرپور کاروائی کی جارہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عوام منشیات فروشوں سمیت جرائم پیشہ عناصر کی نشاندہی کرکے اپنا قومی فریضہ ادا کریں اطلاع دہندہ کا نام صیغہ راز میں رکھا جائے گا

Shares: