اوچ شریف، باغی ٹی وی ( نامہ نگار حبیب خان ) انٹرمیڈیٹ کے نتائج میں گورنمنٹ سیدہ طلعت زہرا گیلانی ایسوسی ایٹ کالج اوچ شریف کی تحصیل احمد پورشرقیہ میں پہلی پوزیشن، کامیاب طالبات کے اعزاز میں تہنیتی تقریب کا انعقاد،

تفصیلات کے مطابق گورنمنٹ سیدہ طلعت زہرا گیلانی ایسوسی ایٹ کالج اوچ شریف نے انٹرمیڈیٹ کے نتائج میں تحصیل احمد پور شرقیہ کے کالجز میں پہلی پوزیشن حاصل کی ہے، امتحان میں کامیابی حاصل کرنے والی طالبات کے اعزاز میں کالج کی طرف سے تہنیتی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس کی صدارت پرنسپل مسز انیسہ بتول نے کی،

اس موقع پر پروفیسر سمیرا ارشاد اور کالج کی دیگر اساتذہ کے ساتھ ساتھ انٹر/ اے ڈی پی کلاسز کی سابقہ و نئی طالبات نے شرکت کی، اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کالج کی پرنسپل مسز انیسہ بتول نے کہا کہ انٹرمیڈیٹ امتحان کے نتائج میں گورنمنٹ سیدہ طلعت زہرا گیلانی ایسوسی ایٹ کالج اوچ شریف کی طالبات نے تحصیل بھر میں نمایاں پوزیشنز حاصل کی ہیں،

انہوں نے کہا کہ شاندار نتائج کے حوالے سے تحصیل احمد پور شرقیہ میں پہلی پوزیشن حاصل کرنا کالج کے لیے اعزاز کی بات ہے، انہوں نے کہا کہ بہترین امتحانی نتائج طالبات کی محنت اور تدریسی سٹاف کی کاوشوں کا نتیجہ ہے،

مسز انیسہ بتول نے کامیاب ہونے والی طالبات کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ کالج کے ایم فل اور پی ایچ۔ ڈی تدریسی سٹاف کی محنت و لگن کی بدولت شاندار نتائج کے اس تسلسل کو مستقبل میں بھی قائم رکھا جائے گا،

انہوں نے میڈیا کے توسط سے والدین سے اپیل کی کہ کالج میں انٹر اور اے ڈی پی کلاسز کا آغاز ہو چکا ہے، والدین اپنی بچیوں کی معیاری تعلیم اور داخلہ جات کے لیے گورنمنٹ سیدہ طلعت زہرا گیلانی ایسوسی کالج اوچ شریف کا انتخاب کریں۔

Shares: