اوچ شریف:پٹرولنگ پولیس کے ناجائز ناکے اور لوٹ مار،شہریوں کی تذلیل
اوچ شریف باغی ٹی وی (نامہ نگار حبیب خان) پٹرولنگ پولیس جبار شہید کی غوث الاعظم چوک پر ناکا لگا کر لوٹ مار، شریف شہریوں کے ساتھ ہتک آمیز رویہ، اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے مال بنانے کے خلاف شہریوں میں اضطراب، ایس پی پٹرولنگ پولیس بہاول پور ،ڈی آئی جی پٹرولنگ پولیس پنجاب سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ،
تفصیل کے مطابق عرصہ دراز سے پٹرولنگ پولیس جبار شہید چیک پوسٹ پر تعینات اہلکار جمیل چٹھہ نے اوچ شریف کی حدود میں ناکے لگا کر شہریوں کو ناجائز پریشان کرنا شروع کر رکھا ہے اور شناختی کارڈ، اور کاغذات چیکنگ کے نام پر مقدمات درج کرنے کی دھونس پر لوٹ مار کرتے ہیں گزشتہ روز شہر کے داخلی غوث الاعظم چوک پر ناکا لگا کر درجنوں موٹرسائیکل سواروں کو گھنٹوں روک کر کاغذات اور شناختی کارڈ چیکنگ کے بہانے پریشان کرتے رہے، جمیل چٹھہ اس دوران شہریوں سے ہتک آمیز رویہ اختیار کرتے ہوئے موٹرسائیکل بند کرنے کی دھمکیاں دے کر ڈراتا رہا، جس کے خلاف اوچ شریف کے سماجی ،صحافتی اور کاروباری حلقوں نے سخت اضطراب اور بے چینی کا اظہار کرتے ہوئے ایس پی پٹرولنگ پولیس بہاولپور اور ڈی آئی جی پٹرولنگ پولیس پنجاب لاہور سے فوری نوٹس لیتے ہوئے اختیارات کا ناجائز فائدہ اٹھانے والے اہلکار کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے