اوچ شریف: سیوریج کا تباہ کن ناسور،شہریوں کی زندگی کیلئےخطرہ بن گیا

اوچ شریف،باغی ٹی وی (نامہ نگارحبیب خان) سیوریج کا تباہ کن ناسور،شہریوں کی زندگی کیلئےخطرہ بن گیا

تفصیل کے مطابق اوچ شریف ایک تاریخی شہر جو صوفیائے کرام کا مرکز بھی ہے، آجکل ایک سنگین مسئلے کا سامنا کر رہا ہے۔ شہر کا سیوریج سسٹم مکمل طور پر ناکارہ ہو چکا ہے جس کی وجہ سے شہریوں کی زندگی اجیرن ہو چکی ہے۔

جہانیاں روڈ، بازار شمس باغ، اور حسینی چوک جیسے مرکزی علاقوں میں گلیاں نالوں کا گندا پانی سے لبریز ہیں۔ اس سے نہ صرف بدبو کا شدید مسئلہ ہے بلکہ مختلف بیماریوں کے پھیلنے کا خطرہ بھی ہے۔ علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ اس گندے پانی کی وجہ سے ہیپاٹائٹس اور ددیگرپیٹ کی بیماریاں عام ہو گئی ہیں۔

اس صورتحال کی وجہ سے شہر کی معیشت بھی بری طرح متاثر ہو رہی ہے۔ دکانداروں کا کاروبار کمزور ہو رہا ہے اور لوگ اپنی جائیدادیں کم قیمت پر بیچ کر شہر چھوڑنے پر مجبور ہو رہے ہیں۔

شہریوں نے بار بار مقامی انتظامیہ اور سیاستدانوں سے اس مسئلے کے حل کے لیے اپیل کی ہے لیکن اب تک کوئی خاطر خواہ اقدام نہیں اٹھایا گیا ہے۔ شہریوں کا الزام ہے کہ میونسپل کمیٹی کے ملازمین اس مسئلے کو نظر انداز کر رہے ہیں۔

شہریوں نے نئے اسسٹنٹ کمشنر احمد پور شرقیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اوچ میونسپل کمیٹی کے خلاف کارروائی کریں اور شہر کے سیوریج سسٹم کو بحال کرنے کے لیے فوری اقدامات کریں۔

Leave a reply