لاہور: گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے اعلان کیا ہے کہ پیپلز پارٹی پنجاب میں اپنی حکومت بنانے کے لیے تیار ہے اور ان کا مقصد بلاول بھٹو کو پاکستان کا وزیراعظم بنانا ہے۔ گورنر پنجاب نے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے کارکن شہید ذوالفقار علی بھٹو اور بی بی بینظیر بھٹو کے وفادار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جیالوں کو آصف علی زرداری سے محبت کرنی چاہیے، کیونکہ محترمہ بینظیر بھٹو کی شہادت کے بعد آصف علی زرداری نے پاکستان کھپے کا نعرہ بلند کر کے ملک کو مشکل سے بچایا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ن لیگ سے اتحاد پر کارکنوں کو شکوہ رہتا ہے، کیونکہ ن لیگ نے ہمارے ساتھ سیاسی کارروائیاں کی ہیں۔ لیکن پیپلز پارٹی نے ہمیشہ ملک کے مفاد میں فیصلے کیے اور قربانیاں دیں۔ ایک جماعت نے عوام کو بھڑکایا اور گالی گلوچ کی سیاست کی، لیکن پیپلز پارٹی نے ملک کے اداروں کے ساتھ کھڑے ہو کر اپنی سیاست کو نقصان پہنچایا۔
سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ پیپلز پارٹی سندھ کی نہیں بلکہ پنجاب کی جماعت ہے اور ان کا مقصد بلاول بھٹو کو وزیراعظم بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آنے والے وقت میں پیپلز پارٹی نے لاہور، پنجاب اور ملک سے جیتنا ہے اور ان کے ہوتے ہوئے کوئی بھی پیپلز پارٹی کے ورکرز کا کچھ نہیں بگاڑ سکتا۔گورنر پنجاب نے پیپلز پارٹی کی قربانیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ملک کی بقاء کے لیے اپنی سیاست کو نقصان پہنچایا اور ہمیشہ ملک کی ترقی اور خوشحالی کے لیے کام کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی نے اپنے قائدین کی قربانیوں کے باوجود ملک کے خلاف بات نہیں کی اور ہمیشہ ملک کے مفاد میں فیصلے کیے ہیں۔سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے جیالوں کو چاہیے کہ وہ آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو کے ساتھ کھڑے ہوں اور ملک کی ترقی کے لیے کام کریں۔
Baaghi Digital Media Network | All Rights Reserved