اوچ شریف باغی ٹی وی ( نامہ نگار حبیب خان)اوچ شریف پٹوار سرکل میں کرپشن عروج پر، منشی رکھنے پر پابندی ہونے کے باوجود پٹواری رفیق لنگاہ نے منشیوں کی فوج بھرتی کرلی ۔منشی عوام کا خون چوسنے لگے۔ اے سی آفس مبینہ حصہ لیکر خاموش تماشائی، شکایات پر مزکورہ پٹواری کی سائلین کو بڑھکیں جو کرنا ہے کر لو میرا کوئی کچھ نہیں بگاڑ سکتا، رفیق لنگاہ پٹواری کی مبینہ کرپشن کے بل بوتے پر کروڑوں روپے کی بے نامی جائیدادیں بنانے بارے بھی انکشاف، ہزاروں روپے رشوت لے کر انتقال کرانے کے باوجود انتقال پرت کی کاپی دینے سے انکار، شہری حفیظ اللہ خان چانڈیہ باغی ٹی وی آفس پہنچ گیا، انصاف کی اپیل

تفصیلات کے مطابق اوچ شریف کے نواحی علاقے موضع بن واہ کے رہائشی محمد حفیظ اللہ خان چانڈیہ نے باغی ٹی وی” سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اوچ شریف میں تعینات پٹوار سرکل میں کرپشن کا بازار گرم ہے۔پٹوار سرکل میں تعینات پٹواری محمد رفیق لنگاہ نے مبینہ طور پر عوام کی کھال ادھیڑنا شروع کر رکھی ہے،

محمد رفیق لنگاہ پٹواری کی طرف سے رکھے گئے نصف درجن سے زائد منشیوں نے انتقالوں، ریکارڈ فرد اور فرد بیع کی مد میں ہزاروں روپے بٹورنا شروع کردئیے ہیں، جبکہ پٹواری کی طرف سے عوام کی کھال ادھیڑنے کیلئے بٹھائے گئے منشیوں کی کوئی قانونی حیثیت نہیں، مزکورہ پٹواری نے عوام کو لوٹنے کیلئے جن منشیوں کو بھرتی کر رکھا ہے وہ عوام کی اربوں روپے کی اراضی کی مبینہ ہیر پھیر میں مصروف ہیں اور اپنی زمین کے ریکارڈ لینے کیلئے آنے والے سائلین کو ذلیل و خوار کرتے ہیں ۔پیسے دینے والے سائلین کا کام اسی وقت کیا جاتا ہے جبکہ پیسے نہ دینے والے سائلین کو منشی کئی کئی ماہ ٹرخاتے ہیں۔کئی سائلین جن کا انتقال درج ہوتا ہے انہیں منشی زائد حصہ کا کہہ کر ہزاروں روپے بٹورتے ہیں اسی طرح کئی درج شدہ انتقالوں کا سادہ لوح سائلین کو منشی انتقال درج نہ ہونے کا کہہ کر ہزاروں روپے بٹورتے ہیں،

سائل حفیظ اللہ خان چانڈیہ نے بتایا کہ میں نے مورخہ 25 مئی 2023کو موضع بن واہ کے کاشتکار شمش مدنی سے 41 مرلہ اراضی خرید کی جس کے انتقال کے لئے پٹواری محمد رفیق لنگاہ نے بھاری رقم بطور رشوت وصول کی اور کہا کہ چند دنوں کے بعد انتقال پرت دے دونگا جب میں اراضی انتقال کا پرت کے حصول کے لیے گیا تو اندراج انتقال کے رجسٹرڈ کے 5018 سے 5049 تک 41صفحات غائب تھے میں نے پٹواری محمد رفیق لنگاہ سے پوچھا تو انہوں نے کہا کہ یہ صفحات تحصیلدار محمد شاکر عباسی کے دفتر میں موجود ہیں جب میں تحصیلدار محمد شاکر عباسی کے دفتر پہنچا تو انہوں نے کہا کہ میرا کام ہے انتقال پرت پر دستخط کرنا میں نے کر دئیے ہیں آپ پٹواری محمد رفیق لنگاہ سے رابطہ کریں، سائل حفیظ اللہ خان چانڈیہ رشوت دینے کے باوجود بھی پٹواری اور تحصیلدار کے درمیان شٹل کاک بنا ہوا ہے، متاثرہ نے اعلی حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ کرپٹ پٹواری محمد رفیق لنگاہ کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے تاکہ عوام لٹنے سے بچ سکیں

Shares: