اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ کے افسران عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے متحرک ہیں۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس اینڈ پلاننگ چوہدری عبدالجبار گجر نے رمضان المبارک میں عوام کو کنٹرول ریٹس پر اشیائے خورونوش کی فراہمی کے سلسلے میں متعدد مقامات پر دکانوں کی چیکنگ کی۔

چیکنگ کے دوران مہنگے داموں اشیائے ضروریہ فروخت کرنے والے دکانداروں کو جرمانے بھی کیے گئے۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ماہ صیام میں مہنگی اشیاء کی فروخت کے ذریعے عوام کے ساتھ زیادتی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اس گھناؤنے فعل میں ملوث افراد کو بھاری جرمانے کرنے کے ساتھ ساتھ ان کے خلاف مقدمات کا اندراج بھی کروایا جائے گا۔

انہوں نے دکانداروں کو تنبیہ کرتے ہوئے کہا کہ دکانوں میں نمایاں جگہوں پر ریٹ لسٹیں آویزاں کی جائیں اور ان لسٹوں پر سختی سے عمل درآمد کو بھی یقینی بنایا جائے۔ مزید برآں، تمام پرائس کنٹرول مجسٹریٹس ضلع بھر میں پرائس چیکنگ کے عمل میں مصروف ہیں اور مقررہ نرخوں پر اشیائے ضروریہ کی فراہمی کے سلسلے میں فیلڈ انسپیکشنز میں عوامی ریلیف کو مدنظر رکھتے ہوئے کاروائیاں بھی کر رہے ہیں۔

Shares: