اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) بھارتی بزدلانہ حملوں میں شہید ہونے والے پاکستانی شہریوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے ضلع کونسل اوکاڑہ میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں ضلعی افسران، سول سوسائٹی، علمائے کرام، انجمن تاجران، لیگی رہنما اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
تقریب میں ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید اور ڈی پی او راشد ہدایت نے شرکت کی۔ شرکاء نے شمعیں روشن کر کے وطن کے ان سپوتوں کو سلام پیش کیا جنہوں نے دشمن کی جارحیت کا نشانہ بن کر جان کا نذرانہ پیش کیا۔
ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ بھارت نے رات کے اندھیرے میں نہتے پاکستانی شہریوں کو شہید کر کے بزدلی کا ثبوت دیا ہے، اگر بھارت میں ہمت ہوتی تو دن کی روشنی میں وار کرتا۔ انہوں نے کہا کہ آج پوری قوم متحد ہو کر شہداء کو خراج عقیدت پیش کر رہی ہے اور دشمن کو واضح پیغام دے رہی ہے کہ پاکستان کے عوام اور ادارے ہر جارحیت کے خلاف یک زبان اور سیسہ پلائی دیوار ہیں۔
ڈی پی او راشد ہدایت نے کہا کہ پاکستان ایک پُرامن ملک ہے، لیکن اگر غیرت کو للکارا گیا تو ہم سر پر کفن باندھ کر لڑیں گے۔ افواج پاکستان کے ساتھ پوری قوم ایک مضبوط چٹان کی طرح کھڑی ہے۔
تقریب کے اختتام پر شہداء کے درجات کی بلندی، پاکستان کی سالمیت، استحکام اور دشمن کی ناکامی کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔