اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) اوکاڑہ میں 9 محرم الحرام کے موقع پر امن و امان کے قیام اور شہریوں میں احساسِ تحفظ پیدا کرنے کے لیے پولیس کی جانب سے فلیگ مارچ کا انعقاد کیا گیا۔ فلیگ مارچ کی قیادت ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) راشد ہدایت اور ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید نے کی، جب کہ رینجرز، ضلعی انتظامیہ، پی ای آر اے فورس، ایلیٹ فورس، ریسکیو 1122 اور ٹریفک پولیس کے دستے بھی شریک ہوئے۔
مارچ ضلع کونسل سے شروع ہو کر ایم اے جناح روڈ، تحصیل روڈ، بے نظیر روڈ، گول چوک اور مین بازار سمیت شہر کے مختلف علاقوں سے ہوتا ہوا ڈسٹرکٹ کمپلیکس پر اختتام پذیر ہوا۔ فلیگ مارچ کا مقصد 9 اور 10 محرم الحرام کے دوران شہریوں کو پرامن ماحول فراہم کرنا اور دہشت گردی یا شرپسندی کے کسی بھی خدشے کو ختم کرنا تھا۔
ڈی پی او راشد ہدایت نے کہا کہ محرم کے جلوسوں اور مجالس کے لیے سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں۔ 9 محرم کو ضلع بھر میں 26 عزاداری کے جلوس اور 66 مجالس کا انعقاد متوقع ہے، جن کی سیکیورٹی کے لیے 1200 سے زائد پولیس افسران اور جوان تعینات کیے گئے ہیں۔ جلوس کے راستوں کو قناتیں اور خاردار تاریں لگا کر مکمل طور پر سیل کر دیا جائے گا، جب کہ ریزرو نفری اور کیو آر ایف (کِک رسپانس فورس) کو ہائی الرٹ پر رکھا گیا ہے۔
ڈی سی احمد عثمان جاوید کا کہنا تھا کہ ضابطہ اخلاق کی مکمل پابندی یقینی بنائی جائے گی، اور کسی بھی قسم کی خلاف ورزی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے شہریوں سے تعاون کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ امن کے دشمنوں کو ناکام بنانے کے لیے انتظامیہ اور عوام کا اشتراک ضروری ہے۔








