اوکاڑہ ،باغی ٹی وی(نامہ نگار ملک ظفر)سرکاری سکولوں کی مفت کتابوں کی دکان پر فروخت کے معاملے پر ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید نے سخت نوٹس لیتے ہوئے فوری کارروائی کا حکم دیا۔ سی ای او ایجوکیشن محمد یوسف نے ڈپٹی کمشنر کے احکامات پر عمل کرتے ہوئے کتابوں کی فروخت میں ملوث دکاندار کے خلاف ایکشن لیا۔
شوکت بک ڈپو (بلمقابل پوسٹ گریجویٹ کالج) کے مالک کے خلاف ڈپٹی ڈی ایجوکیشن آفیسر وحید کی مدعیت میں مقدمہ درج کر لیا گیا۔ پولیس نے موقع پر کارروائی کرتے ہوئے 75 سرکاری کتابیں برآمد کیں۔ ڈپٹی کمشنر نے واقعے کی مکمل تحقیقات کے لیے محکمانہ انکوائری کا حکم بھی جاری کر دیا۔
احمد عثمان جاوید نے کہا کہ مفت سرکاری کتابوں کی فروخت میں ملوث افراد کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا اور حکومت پنجاب کے احکامات کی خلاف ورزی کرنے والوں کو کوئی رعایت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ اس گھناؤنے فعل میں ملوث افراد کو معاف نہیں کیا جائے گا، اور اگر سرکاری اہلکاروں کی ملی بھگت ثابت ہوئی تو انہیں نشان عبرت بنایا جائے گا۔