اوکاڑہ یونیورسٹی میں” ورثے کے سماجی و سیاسی پہلوؤں” پر سیمینار

اوکاڑہ ،باغی ٹی وی (نامہ نگار ملک ظفر)اوکاڑہ یونیورسٹی میں ‘ورثے کے سماجی و سیاسی پہلووں’ پہ سیمینار کا انعقادکیاگیا،سیمینار شعبہ بین الاقوامی تعلقات اور شعبہ سیاسیات کے اشتراک سے منعقد ہوا،پروفیسر واجد، معظم درانی، عثمان شمیم ، فاخرہ شاہد اور دیگر کا خطاب
تفصیل کے مطابق اوکاڑہ یونیورسٹی کے شعبہ سیاسیات اور شعبہ بین الاقوامی تعلقات کی جانب سے ‘پاکستان کے تقافتی ورثےکے سماجی و سیاسی پہلووں’ کے موضوع پہ ایک سیمینا کا انعقاد کیا گیا جس کی صدارت وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد واجد نے کی جب کہ اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور سے معظم خان درانی نے بطور مہمان اسپیکر شرکت کی۔
معظم درانی ، جو کہ بہاولپور کے نور محل میوزیم کے کوریٹر بھی ہیں، نے اس تاریخی ورثے کے مختلف سماجی، سیاسی اور ثقافتی پہلووں کو اجاگر کیا۔ اوکاڑہ کے ثقافتی ورثے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اوکاڑہ یونیورسٹی اس علاقے میں مختلف میوزیم کے قیام اور تاریخی عمارات کے تحفظ کے ذریعے سیاحت کو فروخت دینے میں اپنا کردار ادا کر سکتی ہے۔
اس موقع پر اپنے خطاب میں پروفیسر واجد نے ورثے کے تحفظ اور ترویج کی اہمیت کو بیان کرتے ہوئے کہا کہ عظیم اقوام ہمیشہ اپنی تاریخ اور ثقافت کو نہ صرف یاد رکھتی ہیں بلکہ اس میں فخر محسوس کرتی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں اپنی تدریسی و تحقیقی سرگرمیوں کے ذریعے اپنی عظیم ثقافت کی ترویج کےلیے کام کرنا چاہیے۔
وائس چانسلر نے اس حوالے سے اوکاڑہ کے ایک ممبر قومی اسمبلی چوہدی ریاض الحق جج کا بھی ذکر کیا جنہوں نے پارلیمنٹ میں اپنی ایک حالیہ تقریر کے دوران اوکاڑہ کی ثقافتی شناخت پہ بات کی۔ چوہدری ریاض الحق جج نے بتایا کہ اوکاڑہ میں دنیا کے بہترین ڈیری جانور جیسا کہ گائے اور بھینس پائے جاتے ہیں، اس کے علاوہ یہ علاقہ آلو اور مکئی کی وسیع پیدوار کے حوالے سے پوری دنیا میں مشہور ہے۔ پروفیسر واجد کا کہنا تھا کہ اس شناخت کی ترویج سے ہم اوکاڑہ میں ایگری ٹوارزم کے کئی مواقع پیدا کر سکتے ہیں۔
شعبہ سیاسیات کے سربراہ عثمان شمیم نے سیمینار کے شرکاء سےبات کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں اپنی ثفافت کے متعلق مکمل آگہی حاصل کرنی چاہئے تاکہ ہم اقوام عالم کے سامنے اپنی مثبت شناخت بنا سکیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ اوکاڑہ کی ثقافت برصغیر پاک و ہند میں جنم لینے والی بہت سی مزاحمتی تحریکوں کی یادوں اور یادگاروں کی امین ہے۔
اس موقع پر شعبہ بین الاقوامی تعلقات کی سربراہ ڈاکٹر فاخرہ شاہد اور شعبہ سیاسیات کے اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر غلام غوث نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

Leave a reply