جسے اللہ رکھے اسے کون چکھے ؟ ساتویں منزل سے گرنے والی خاتون معجزانہ طور پر محفوظ
نیویارک:جسے اللہ رکھے اسے کون چکھے ؟ ساتویں منزل سے گرنے والی خاتون معجزانہ طور پر محفوظ،اطلاعات کےمطابق نیویارک کی ایک عمر رسیدہ خاتون ساتویں منزل سے نیچے گرنے کے باوجود محفوظ رہیں۔
مین ہیٹن کے مشرقی علاقے کی 76 سالہ رہائشی باربرا ہیلر اپنے فلیٹ کی کھڑکی سے جھانک رہی تھیں کہ زیادہ جھکنے کی وجہ سے وہ ساتویں منزل سے نیچے عین سبزیوں اور پھلوں سے بھرے کارٹن اور کریٹوں پر جاگریں۔ یہ سامان ایک سپرمارکیٹ میں پہنچایا جارہا تھا۔ جس میں گاجر، سبزی، ناشپاتی اور دیگر اشیا بھری ہوئی تھیں۔
ان کے شوہر چارلس ہیلر نے بتایا کہ ایک ان کا ایک پھیپھڑا شدید متاثر ہوا ہے۔ پیڑو کی ہڈی ٹوٹی ہے اور ایک پسلی میں فریکچر ہوا ہے۔ خوش قسمتی سے ان کے سر پر کوئی چوٹ نہیں آئی۔ سرجری کے بعد وہ اب تیزی سے بہتر ہورہی ہیں لیکن گرنے کے بعد وہ چلنے سے قاصر ہیں۔
باربرا کی ایک دوست (جو حادثے کے وقت اپارٹمنٹ میں ساتھ تھیں) نے بتایا کہ باربرا کو سانس لینے میں دقت ہوتی ہے اور وہ تازہ ہوا میں سانس لینے کے لیے کھڑکی کے قریب تھیں کہ جھکنے سے نیچے کی جانب لڑھک گئیں۔ انہوں نے باربرا کو گرتے ہوئے نہیں دیکھا لیکن ایک خوفناک آواز کے بعد وہ سب ماجرا دیکھنے کے لیے کھڑکی کی جانب دوڑیں۔
کھڑکی سے باربرا کو نیچے دیکھا تو وہ پھلوں کے ڈھیر پر بے سدھ پڑی تھیں اور ڈرتھا کہ شاید وہ مرگئیں۔ اتنے میں کئی لوگ ان کی مدد کو دوڑے اور اس وقت باربرا اپنے ہوش میں تھیں بعدازاں انہیں ہسپتال لے جایا گیا اور اب وہ مکمل طور پر صحت مندی کی جانب گامزن ہیں۔