سوات: صوبہ خیبر پختونخواہ کے ضلع سوات اور گرد و نواح میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے جس کے بعد لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا اور لوگ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں سے نکل آئے۔
تفصیلات کے مطابق صوبہ خیبر پختونخواہ کے ضلع سوات اور گرد و نواح میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔ زلزلہ پیما مرکز کے مطابق ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 4.3 ریکارڈ کی گئی۔
زلزلہ پیما مرکز کا کہنا ہے کہ زلزلے کی گہرائی 143 کلو میٹر تھی اور مرکز کوہ ہندو کش کا پہاڑی علاقہ تھا۔
زلزلے کے جھٹکے محسوس ہونے کے بعد لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا اور لوگ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں سے نکل آئے۔ زلزلے کے نتیجے میں کسی قسم کے جانی یا مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے۔
اس سے قبل گزشتہ ماہ بھی سوات اور گرد و نواح میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے تھے، ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 5.1 ریکارڈ کی گئی تھی۔
زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی گہرائی 151 کلو میٹر اور مرکز کوہ ہندو کش کا پہاڑی سلسلہ تھا۔
دوسری طرف ضلع تورغر میں آسمانی بجلی گرنے سے تین گھر زمین بوس ہو گئے، ملبے تلے دب کر گیارہ افراد جاں بحق، 2 زخمی، تین افراد کی تلاش جاری ہے۔
ضلع تورغر میں طوفانی بارشوں نے تباہی مچادی، بارش کے دوران آسمانی بجلی گرنے سے تین گھر منہدم ہو گئے جس کے نتیجے میں 16 افراد ملبے تلے دب گئے۔مقامی افراد نے 11 لاشیں اور 2 زخمی ملبے سے نکال لیے ۔دیگر 3 افراد کی تلاش جاری ہے۔
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے ریسکیواورانتظامیہ کوفوری طور پر متاثرہ علاقےمیں پہنچنے کی ہدایت کی اور زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کے احکامات جاری کئے۔ وزیراعلیٰ نے متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی اورتعزیت کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ متاثرہ خاندانوں کے غم میں برابرکےشریک ہیں۔