بااثر تاجر کی خوشنودی کیلئے آئی جی کا دباؤ؛ ڈی پی او نے پولیس آفیسر معطل کردیا

0
54
Aftab Alam Baloch

خیبر پختونخوا ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں ایک بااثر تاجر کی خوشنودی کیلئے آئی جی کے دباؤ پر ڈی پی او ڈیرہ اسماعیل خان راوف قیصرانی نے ایس ایچ او تھانہ کینٹ آفتاب عالم بلوچ کو معطل کردیا ہے۔

ترجمان ڈیرہ اسماعیل خان پولیس نے اپنے جاری اعلامیہ میں لکھا کہ ” ڈیرہ اسماعیل خان میں ٹیلی نار فرنچائز پر ڈکیتی کا آئی جی پی خیبرپختونخواہ کا نوٹس، ڈی پی او نے ایس ایچ او کینٹ کو معطل کر دیا۔”

ترجمان کے مطابق انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبرپختونخواہ اختر حیات خان نے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان کے تھانہ کینٹ کی حدود میں ٹیلی نار فرنچائز پر ہونیوالی ڈکیتی کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ڈیرہ اسماعیل خان عبدالرئوف بابر قیصرانی کو فوری طور پر ایس ایچ او کینٹ آفتاب عالم کو معطل کرنے کا حکم دیدیا۔


صحافی ملک رمضان اسراء نے اس بارے ٹوئیٹ کرتے ہوئے لکھا کہ؛ "‏ڈیرہ اسماعیل خان میں ایک بااثر تاجر جن کا بھائی اعلی عہدے پر رہا جبکہ بیٹا اب بھی اہم عہدے پر تعینات ہے کی فرنچائز پر ڈکیتی ہوئی لیکن آئی جی کے دباؤ پر ڈی پی او راوف قیصرانی نے حالیہ دنوں تعینات ہونے والے انتہائی محنتی پولیس آفیسر آفتاب عالم بلوچ کو معطل کردیا۔ واہ”

باغی ٹی وی ذرائع کے مطابق جس پولیس آفیسر کو آئی جی خیبرپختونخواہ کے حکم پر معطل کیا گیا وہ حال ہی میں تعینات ہوا تھا جبکہ جس بااثر تاجر کی فرنچائز پر ڈکیتی ہوئی اس کے خود کے پاس کوئی خاص سیکورٹی نظام نہیں تھا کیونکہ موصوف اپنے ورکرز سے کام تو پورے وقت کا لیتا تھا لیکن انہیں تنخواہ بہت ہی کم دیتا تھا جس کے سبب کئی ملازمین ان کے پاس چند روز یا ماہ کام کرنے کے بعد چھوڑ جاتے ہیں۔

باغی ٹی وی کے ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ جس پولیس آفیسر آفتاب عالم بلوچ کو معطل کیا گیا وہ انتہائی محنتی اور ایماندار آفیسر تھا لیکن چونکہ مذکورہ تاجر انتہائی طاقتور شخص ہے اور انکے سگے بھائی ایک اعلی عہدے پر رہ چکے ہیں اور بیٹا بھی اعلی عہدے پر موجود ہے تو اس اثرورسوخ کے سبب ان کی خوشنودی کیلئے آئی جی نے بنا کسی تفتیش اور وقت دیئے فورا پولیس آفیسر کو معطل کرنے کا حکم دے دیا۔

فیس بک صارف رضا خان نے لکھا کہ: انتظامیہ کے اس فیصلے کی مخالفت کرتے ہیں اگر چوروں نے چوری کی تو ایس ایچ او کو ٹائم دیا جائے تاکہ ان کو پکڑ سکے نہ کے اس طرح کا سلوک کیا جائے یہ بات بالکل غلط ہے آفتاب خان نوجوان جزبے والے ایماندار انسان ہیں جبکہ ایک اور صارف نے لکھا؛ "کیا یہ چوری ایس ایچ او نے کی ہے؟ کیا ایس ایچ او کوئی پیغمبر ہے جن پر وحی نازل ہوئی تھی اور اس نے جان بوجھ کر چوروں کیخلاف کارروائی نہیں کی؟ لہذا ایس ایچ او کو پہلے موقع اور وقت دو پھر اگر وہ ڈیلیور نہ کرسکیں تو سزا دو۔

اسی طرح متعدد سوشل میڈیا صارفین نے لکھا کہ اس کیس میں مذکورہ پولیس آفیسر کا کوئی قصور نہیں لہذا انہیں وقت دیا جائے تاکہ وہ اپنی کارکردگی دکھا جبکہ وہ حال ہی میں تعینات ہوئے اور انہیں وقت دیئے بغیر محض بااثر شخصیات کو خوش کرنے کیلئے معطل کردیا گیا۔

Leave a reply