پنجاب حکومت کی پھرتیاں، ڈپٹی ڈائریکٹر پنجاب وائلڈلائف کو کس موقع پر ترقی دی
لاہور : پنجاب وائلڈلائف کے ڈپٹی ڈائریکٹر چوہدری شفقت علی کو ریٹائرمنٹ سے ایک دن قبل بطور ڈائریکٹر ترقی دے دی گئی۔ پنجاب وائلڈ لائف کے ڈپٹی ڈائریکٹر چوہدری شفقت علی جو کہ ان دنوں لاہور چڑیا گھر میں بطور ڈائریکٹر ذمہ داری نبھارہے ہیں، پنجاب حکومت نے انہیں ان کی ریٹائرمنٹ سے ایک دن قبل بطور ڈائریکٹر ترقی دے دی ہے۔ چوہدری شفقت علی کی مدت ملازمت 28 فروری کوپوری ہورہی ہے، جب کہ آ ج وزیراعلی پنجاب نے ان کی ترقی کی سمری منظورکی ہے۔
پنجاب وائلڈلائف حکام کا کہنا ہے کہ محکمے میں اس وقت ڈائریکٹرکی دوسیٹیں ہیں، چوہدری شفقت علی سینارٹی کے لحاظ سے دوسرے نمبر تھے، اس لئے اب انہیں بھی پرموٹ کرکے ڈپٹی ڈائریکٹر سے ڈائریکٹر بنادیا گیا ہے، وزیراعلی پنجاب سے سمری کی منظوری کے بعد اب ان کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری ہوگا، تاہم دلچسپ بات یہ ہے کہ یہ تعیناتی صرف ایک دن کے لئے ہوگی کیونکہ 28 فروری کو چوہدری شفقت علی ریٹائرڈہوجائیں گے۔ اس سے قبل محکمے کے سابق ڈائریکٹرنعیم علی بھٹی کو بھی ان کی ریٹائرڈمنٹ سے ایک ماہ پہلے ڈپٹی ڈائریکٹرسے ڈائریکٹر کے عہدے پرترقی دی گئی تھی۔