نیو ائیر نائٹ پر ون ویلنگ، تیز رفتاری :جوپکڑا گیا،سمجھیں وہ لمبےعرصے کے لیے جیل گیا

0
114

لاہور:نیو ائیر نائٹ پر ون ویلنگ، تیز رفتاری :جوپکڑا گیا،سمجھیں وہ لمبےعرصے کے لیے جیل گیا ،اطلاعات کے مطابق لاہور میں نئے سال کا جشن مناتے ہوئے ون ویلنگ، تیز رفتاری اور موٹرسائیکل پر کرتب دکھانے والوں کے خلاف کارروائی کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق نیو ائیر نائٹ پر ون ویلنگ، تیز رفتاری اور موٹرسائیکل پر کرتب دکھانے والوں کے خلاف چالان کے بجائے حوالات میں بند کرنے کا حکم دے دیا گیا ہے۔

اس کے علاوہ بغیر سائلنسر موٹرسائیکلوں اور رکشوں کو بھی بند کرنے کی ہدایت کر دی گئی ہے۔ اس ضمن میں سی ٹی او لاہور کی جانب سے بھی ہدایات جاری کی گئیں، سی ٹی او لاہور کے مطابق بغیر نمبر پلیٹ، اپلائیڈ فار وہیکلز کو بھی بند کر دیا جائے گا۔ مال روڈ، جیل روڈ، فیروز پور روڈ، کینال روڈ، جی ٹی روڈ پر موٹر سائیکلسٹ دستے تعینات ہوں گے۔

سی ٹی او منتظر مہدی نے کہا کہ کم عمر ڈرائیورز کی موٹرسائیکل بند کر دی جائے گی۔ والدین کی طرف سے ضمانتی مچلکے وصول کرنے کے بعد موٹر سائیکل، رکشہ، گاڑی کو چھوڑا جائے گا۔ واضح رہے کہ گذشتہ برس بھی نیو ائیرنائٹ پر ون ویلرز اور ہلڑ بازوں کے خلاف شکنجہ تیار کیا گیا تھا، سی ٹی او کی ہدایت پر ٹریفک پولیس نے تیاریاں پکڑیں اور ون ویلر کی نشاندہی پر موٹر مکینک نے بھی جیل کی ہوا کھائی۔

واضح رہے کہ سال 2021ء ختم ہونے میں چند ہی روز باقی رہ گئے ہیں۔ نئےسال کی آمد پر پاکستان سمیت دنیا بھر میں تقریبات اور آتش بازی کا مظاہرہ کیا جاتا ہے، جبکہ صوبائی دارالحکومت لاہور میں رات 12 بجتے ہی سال نو کے موقع پرمنچلے موٹر سائیکلوں اور گاڑیوں میں ٹولیوں کی شکل میں ہلڑ بازی کرتے ہوئے سڑکوں، بازاروں اور اہم شاہراہوں پر نکل آتے ہیں تاہم ہر سال کی طرح اس سال بھی ان کے خلاف کارروائی کرنے کی ہدایات جاری کی جا چکی ہیں۔

Leave a reply