اوچ شریف:گٹروں کے کھلے مین ہول ، ڈیتھ ہول بن گئے،معصوم بچی کھلےمین ہول میں جاگری

اوچ شریف ،باغی ٹی وی (نامہ نگار حبیب خان)میونسپل کمیٹی کی مجرمانہ نااہلی ، معصوم بچی کھلے مین ہول میں جاگری ،ہمارےہمسایہ ممالک چاند پر جا پہنچے ،ہمارے ملک میں مین ہول کے ڈھکن پورے نہ ہوسکے – شہری

اوچ شریف شہر کے مختلف علاقوں میں مین ہول اور گٹروں کے ڈھکن غائب ہوگئے، کھلے ہوئے مین ہول شہریوں کیلئے ڈیتھ ہول بن گئے۔ آج بھی میونسپل کمیٹی کی مجرمانہ غفلت کے باعث محلہ بخاری کی رہائشی معصوم بچی کھلے مین ہول میں جاگری، انتظامیہ کی روایتی بے حسی، شہریوں کا کہنا ہے کہ ہماراازلی دشمن اور ہمسایہ ملک بھارت چاند کے اس حصے پر جاپہنچا جہاں دنیا کاکوئی دوسراترقی یافتہ ملک ابھی تک نہیں پہنچ پایا ،شہریوں کاکہنا تھا کہ افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے ہم سے تو ہمارے مین ہولز کے ڈھکن نہ سنبھالے جا سکے ،یہ کرپشن اور بے حسی کی انتہا ہے کہ کئی بار نشاندہی کے باوجود د گٹروں پر ڈھکن لگانے کا بندوبست نہیں کیاجاسکا ۔

اسسٹنٹ کمشنر احمد پور اور میونسپل کمیٹی اوچ شریف کی مجرمانہ غفلت و لاپرواہی کانتیجہ ہے کہ معصوم بچی کھلے مین ہول میں گرگئی اس سے قبل بھی کئی موٹرسائیکل سوار ان کھلے مین ہولز کی وجہ سے حادثات کا شکار ہوچکے ہیں ،

شہریوں نے تنبیہ کرتے ہوئے کہا کہ اب اگر ان کھلے مین ہولز کی وجہ سے کوئی حادثہ یا جانی نقصان ہواتو ہم میونسپل کمیٹی اور اسسٹنٹ کمشنر احمدپورشرقیہ و دیگرافسران کے خلاف عدالت سے رجوع کریں گے اوران پر مقدمات درج کرائے جائیں گے اوراب شہری مزید خاموش رہ کر ظلم برداشت نہیں کریں گے

انہوں نے باغی ٹی وی کو بتایا کہ اوچ شریف شہر کی مرکزی سڑکوں کے علاوہ اندرونی گلیوں شمیم آباد، اختر کالونی، محلہ امیر آباد سمیت دیگر کئی علاقوں میں گٹروں کے مین ہول کھلے پڑے ہیں،جن کے ڈھکن غائب ہیں، جس سے کسی بھی وقت کوئی اورناخوشگوار واقعہ پیش آسکتا ہے اور اسکول کے بچے ان مین ہولز میں گرسکتے ہیں،

اوچ شریف کے مکینوں نے کمشنر بہاول پور سے مطالبہ کیا ہے کھلے ہوئے گٹروں پر فی الفور ڈھکن لگائے جائیں تاکہ کسی بڑے حادثہ سے شہری محفوظ رہیں

Leave a reply