نیب کی ریکور کی گئی رقم کی تحقیقات کرائی جائیں:اپوزیشن کا مطالبہ آگیا

0
26

اسلام آباد: سلیم مانڈوی والا اور دیگر کی جانب سے چیئرمین سینیٹ خزانہ کمیٹی کو لکھے گئے ایک خط میں کہا گیا ہے کہ نیب کی جانب سے ریکور کی گئی ساری رقم قومی خزانے میں جمع نہ ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔

تفصیلات کے مطابق نیب کی ریکوریز کے معاملے پر سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے اپوزیشن اور سینیٹ کی خزانہ کمیٹی کے ارکان سے مشاورت مکمل کر لی ہے، اپوزیشن نے نیب کی ریکور کی گئی رقم کی تحقیقات کا فیصلہ کر لیا ہے۔

ارکان نے ریکور کی گئی رقم کی تحقیقات کے لیے چیئرمین سینیٹ خزانہ کمیٹی کو خط لکھ دیا، یہ خط سینیٹر سلیم مانڈوی والا، شیری رحمان، فاروق ایچ نائیک کی جانب سے لکھا گیا، مصدق ملک، سعدیہ عباسی، انوار الحق کاکڑ بھی خط لکھنے والوں میں شامل ہیں۔

مذکورہ ارکان نے تحقیقات کے لیے ذیلی کمیٹی قائم کرنے کا مطالبہ کر دیا ہے، خط میں کہا گیا ہے کہ نیب کی جانب سے 821 ارب سے زائد کی رقم ریکور کرنے کا دعویٰ کیا گیا، تاہم قومی خزانے میں ساری رقم جمع نہ ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔

سلیم مانڈوی والا نے کہا ہاٹ منی کی پاکستان منتقلی اور اس کے اثرات ایک اہم معاملہ ہے، نیب ریکوری اور ہاٹ منی دونوں اہم معاملے ہیں، اس لیے تحقیقات کے لیے سینیٹ خزانہ کمیٹی کی ذیلی کمیٹی قائم کی جائے۔

Leave a reply