جے یو آئی (س) نے عالمی تنظیموں کی فلسطین پر خاموشی کو دوغلا پن قرار دے دیا
جمعیت علما اسلام (س)کے امیر مولانا حامد الحق حقانی نے کہا کہ آج فلسطینی عوام پر ہونے والی ظلم و بربریت پر انسانی حقوق کے ٹھیکیداروں کی مجرمانہ خاموشی ان کے دوغلے معیار اور منافقانہ رویے کا بین ثبوت ہے۔ خدارا مسلم ممالک کے حکمران اپنے مفادات اور مجبوریوں سے نکل کر علی الا علان فلسطین کے مظلوم مسلمانوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہو کر ان کو غاصب صہیونی اسرائیلی ریاست سے نجات دلائیں۔
انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں کا فلسطینی مسلمانوں پر ہونے والے ظلم کو نظرانداز کرنا دراصل یہ ان کے دوغلے پن اور منافقانہ رویے کا ثبوت ہے. مولانا حامد الحق حقانی@HaqqaniHamid #PalestineGenocide #فلسطين_الآن pic.twitter.com/LNPpRtU19l
— Malik Ramzan Isra (@MalikRamzanIsra) October 18, 2023
جبکہ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ملتان میں خدمات مولانا سمیع الحق شہید کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ مولانا حامد الحق نے کہا کہ مولانا سمیع الحق شہید ساری زندگی دنیا بھر کے مظلوم مسلمانوں کی توانا آواز رہے۔ انہوں نے ہمیشہ مظلوم فلسطینیوں سمیت مظلوم کشمیری، افغانی اور برمی مسلمانوں کا مقدمہ لڑا اور اسی جرم کی پاداش میں انہیں ملک اور اسلام دشمن عناصر نے شہید کردیا۔ مولانا سمیع الحق شہید کی خدمات کسی سے مخفی نہیں۔ ان کے لازوال کردار کے بدولت پاکستان کے آئین میں اسلامی شقوں کا اضافہ ہوا۔ انکی ساری زندگی پاکستان میں اسلامی نظام کے نفاذ کی جدو جہد میں گزری۔ مولانا سمیع الحق شہید کی خدمات رہتی دنیا تک یاد رکھیں جائیں گی۔
مولانا حامد الحق حقانی نے کہاکہ قبلہ اول بیت المقدس مسلمانوں کی عقیدتو ں کا مرکز ہے اس سے کسی بھی حال سے دستبردار نہیں ہوسکتے۔مظلوم فلسطینی مسلمانوں پر جاری وحشیانہ ظلم و جبر پر اقوام عالم بالخصوص امت مسلمہ کے نام نہاد حکمرانوں کی خاموشی شرمناک اور بزدلانہ فعل ہے۔ گزشتہ پون صدی سے مظلوم فلسطینیوں کی جان و مال اور انسانی حقوق کی بدترین پامالی اقوام عالم کے ماتھے پر بدنما داغ ہے۔ مسئلہ فلسطین پر بین الاقوامی ادارے منصفانہ طرز عمل کو پروان چڑھائیں، اب وقت ہے کہ ناجائز قابضین و جابرین کی پشت پناہی کو چھوڑ کر حقیقی حریت پسندوں کی آواز کو سنیں اگر اب بھی مظلومین کی آواز کو سن کر داد رسی نہ کی گئی تو اس کے بھیانک نتائج برآمد ہوسکتے ہیں۔مولانا حامد الحق حقانی نے کہاکہ اب بھی وقت ہے کہ اقوام عالم مسئلہ فلسطین کے پرامن اور قابل قبول حل کے لئے سنجیدہ اقدامات اٹھائیں ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:
آئی سی سی نے نئی رینکنگ جاری کردی
جناح ہائوس حملہ کیس، خدیجہ شاہ سمیت 6 ملزمان کی ضمانت منظور
کسان، مزدور اور قوم پیپلزپارٹی سے امیدیں لگائے بیٹھی ہے۔ بلاول بھٹو زرداری
انٹر بینک؛ روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قدر میں پھر اضافہ
مولانا حامد الحق نے مسلم دنیا بالخصوص پاکستان ،سعودی عرب،قطر،ایران ،ترکی اوردیگر مسلم ممالک سے اپیل کی کہ وہ مظلوم فلسطینیوں کا بھرپور ساتھ دیتے ہوئے ان کے ساتھ ہر قسم کا سیاسی ،اخلاقی،مالی اور جانی تعاون پیش کریں۔کانفرنس سے جمعیت علماء اسلام (س) کے مرکزی نائب امیر پیر حبیب الرحمن درخواستی، مرکزی جنرل سیکریٹری مولانا سید محمد یوسف شاہ، شمالی پنجاب کے امیر پیر عبد القدوس نقشبندی، جنوبی پنجاب کے امیر مولانا اسعد درخواستی، ترجمان مولانا عبد الصمد درخواستی، مجلسِ احرار کے سربراہ مولانا سید کفیل شاہ بخاری، قاری سعید احمد ، مفتی ممتاز ، مولانا رحمت الرحمن درخواستی، پیر اکبر ساقی، قاضی خلیل احمد ، مولانا شبیر احمد عثمانی ، مولانا عبد الرحمن جامی کے علاؤہ جمعیت کے دیگر رہنماؤں اور مختلف مذہبی و سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں نے بھی شرکت کی اور خطاب کیا۔دریں اثنا جمعیت علماء اسلام (س) جنوبی پنجاب کا اجلاس ملتان میں منعقد ہوا جس میں صوبہ بھر سے اراکین شوری نے شرکت کی۔ مولانا حامد الحق حقانی نے بطور مہمان خصوصی اجلاس میں شرکت کی اور خطاب فرمایا۔