پبلک اکاونٹس کمیٹی کے لئے سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین حامد رضا نامزد

اپوزیشن وفد نے مسلم لیگ ن کے پارلیمانی لیڈر خواجہ آصف سے بھی ملاقات کی۔
hamid raza

اسلام آباد: بانی پی ٹی آئی نے سربراہ سنی اتحاد کونسل کے سربراہ حامد رضا کو چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی نامزد کردیا۔

باغی ٹی وی : ذرائع کے مطابق عمران خان نے حامد رضا کی نامزدگی کیلئے اپوزیشن لیڈر عمرایوب کو ہدایات جاری کردیں،اپوزیشن اراکین زین قریشی، شیر افضل مروت اور حامد رضا نے اسپیکر قومی اسمبلی سے ملاقات کی جس میں پارلیمانی کمیٹیوں کی تشکیل سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا،اپوزیشن نے چئیرمین پی اے سی کے لیے حامد رضا کا نام اسپیکر کو تجویز کر دیا۔

اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے کہا کہ چیئرمین پی اے سی کا انتخاب قواعد کے مطابق ہو گا، اسپیکر کا چئیرمین پی اے سی کی نامزدگی میں کوئی اختیار نہیں، یہ فیصلہ اپوزیشن نے کرنا ہے، وہ جسے مرضی چاہیں چئیرمین نامزد کریں، میں تو پارلیمانی کمیٹیوں کو معاملہ افہام و تفہیم سے حل کرنا چاہتا ہوں-

واضح رہے کہ اس سے قبل بانی پی ٹی آئی نے شیرافضل مروت کو چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے لئے نامزد کیاتھا-

دوسری جانب ترجمان قومی اسمبلی نے چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی (پی اے سی) کے حوالے اسپیکر قومی اسمبلی سے منسوب میڈیا میں چلنے والی خبروں کی سختی سے تردید کی ہے اور کہا ہے کہ میڈیا پر اسپیکرقومی اسمبلی سے منسوب چیئرمین پی اے سی کی نامزدگی کے حوالے سے چلنے والی خبر جس میں کہا گیا ہے کہ ممبر قومی اسمبلی شیر افضل مروت یا کسی بھی اور معزز ممبر قومی اسمبلی کو چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی نہیں بنایا جائے گا من گھڑت اور بے بنیاد ہے،قائمہ کمیٹیوں کے حوالے سے تمام پارلیمانی پارٹیوں سے مشاورت جاری ہے، قومی اسمبلی کے قواعد و ضوابط کے قاعدہ نمبر 215کے تحت اسپیکر قومی اسمبلی کو قائمہ کمیٹیوں کے انتخاب، کمیٹی ارکان اور کمیٹی چیئرمین مقرر کرنے کا اختیار ہے۔تاہم اس حوالے سے تاحال کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا۔ قومی اسمبلی کی روایت ہے کہ قائمہ کمیٹیاں اور ان کے چیئرمین تمام پارلیمانی جماعتوں کی مشاورت اور رضامندی سے تشکیل دی جاتی ہیں اور اسپیکر قومی اسمبلی اس اتفاق رائے کو قائم کرنے میں فعال کردار ادا کر رہے ہیں۔

Comments are closed.