مولانا فضل الرحمان کو تصادم کے بجائے بات چیت کا راستہ اپنانا چاہئے،رہنما پی پی

بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی جماعت غلطی پر غلطی کر رہی ہے
0
139

اسلام آباد: مرکزی رہنما پاکستان پیپلزپارٹی فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ تصادم کا راستہ اختیار کریں گے تو نقصان جمہوریت کو پہنچے گا رہنما پی پی ندیم افضل چن کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کو حکومت بنانے کی دعوت دی گئی تھی جس کے لیے وہ خود تحریک انصاف کے پاس گئے-

باغی ٹی وی: اسلام آباد میں رہنما پاکستان پیپلزپارٹی فیصل کریم کنڈی اور ندیم افضل چن نے پریس کانفرنس کی فیصل کریم کنڈی کا نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کو پی ٹی آئی والے راستے پر نہیں چلنا چاہئے، اگر کے پی میں مولانا کے مینڈیٹ کو چرایا گیا تو پی ٹی آئی ہمت کرے اور ان کی سیٹیں واپس کرے ہم نے ہمیشہ کہا ہے آئیں بات چیت سے معاملات حل کریں، عوام نے مولانا فضل الرحمان کو مستر د کیا ہے تو وہ اس کا بدلہ جمہوریت سے نہ لیں، مولانا فضل الرحمان کو تصادم کے بجائے بات چیت کا راستہ اپنانا چاہئے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم نے ہمیشہ عدالتوں کا احترام کیا ہے، اپنےخلاف فیصلےبھی تسلیم کیے ہیں، تاہم مخصوص نشستوں پرعدالت نے فیصلہ دیا، اور وزیراعلی خیبرپختونخوا نے معاملے پر پریس کانفرنس کی، وزراء سے حلف لینا وزیراعلی کا کام نہیں ہے وزیرعلیٰ کو معاملے پر پریس کانفرنس نہیں کرنی چاہیے تھی، مخصوص نشستیں کسی کی جاگیر نہیں ہوتیں، چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا فیصلہ اسپیکر قومی اسمبلی نے کرنا ہے اور یہ اپوزیشن کا حق ہے، تحریک انصاف کے علاوہ جے یو آئی بھی اپوزیشن میں ہے تاہم حتمی فیصلہ اسپیکر قومی اسمبلی کریں گے۔

رہنما پیپلزپارٹی ندیم افضل چن نے کہا ہے کہ قصور ہمارا اپنا ہے کہ ہم الیکشن کو کبھی آزاد،خود مختار نہیں بناسکے، اگر گالم گلوچ کی سیاست ہوتی رہے گی تو یہ عوام کے ساتھ زیادتی ہے،صدر آصف زرداری نے جو پارلیمنٹ میں خطاب کیا اس کے نکات دیکھ لیں، پی ٹی آئی کے رویے سے عوام میں مایوسی پھیلتی جارہی ہے، ملک میں مہنگائی اور لاقانونیت ہے۔

ندیم افضل چن نے مزید کہا کہ پاکستان میں فوڈ سکیورٹی ایک بڑا ایشو ہے، حکومت پنجاب اور وفاق سے گزارش ہے گندم کا ایک ایک دانہ خریدیں، کسان کو معاشی قتل سے بچائیں، اگر کسان بھی سڑکوں پر آگیا تو ملک مزید بحرانوں میں جائے گا، کسان کیلئے جو گندم کی قیمت3900روپے مقرر کی ہے اس کو یقینی بنائیں۔

انہوں نے بتایا کہ پی ٹی آئی کو حکومت بنانے کی دعوت دی گئی تھی جس کے لیے وہ خود تحریک انصاف کے پاس گئے لیکن تحریک انصاف نے بات چیت سے انکار کر دیا بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی جماعت غلطی پر غلطی کر رہی ہے،ندیم افضل نے انکشاف کیا کہ انہوں نے خود بانی پی ٹی آئی کو کہتے سنا ہے کہ اپوزیشن کو پھانسی لگا دیتے ہیں۔

Leave a reply