پاک فضائیہ کا سیلاب متاثرین کیلئے ریلیف آپریشن جاری ہے

باغی ٹی وی اسلام آباد: ملک بھر میں سیلاب متاثرین کی امداد کے لیے پاک فضائیہ کا ریلیف آپریشن جاری ہے. پاک فضائیہ قدرتی آفات کے دوران انسانی امداد پہنچانے میں ہمیشہ پیش پیش رہی ہے،  اپنی اسی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے حالیہ سیلاب کے دوران پاک فضائیہ متاثرین کو ریلیف اور ریسکیو امداد فراہم کرنے میں سرگرم عمل ہے۔

ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق: پاک فضائیہ حالیہ شدید بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ بلوچستان، سندھ اور جنوبی پنجاب کے علاقوں میں امدادی کارروائیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہی ہے۔ ترجمان پاک فضائیہ نے بتایا کہ:  موجودہ امدادی آپریشن پاکستان ائیر فورس کے اس عزم کا عملی مظہر ہے کہ مشکل کی گھڑی میں ہم وطنوں کی ہر ممکن مدد کی جائے گی ۔ پاک فضائیہ نے مختلف فیلڈ میڈیکل کیمپس بھی قائم کیے ہیں جہاں پی اے ایف کے ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل اسٹاف سیلاب متاثرین کو چوبیس گھنٹے مفت علاج کی سہولیات اور ادویات فراہم کر رہے ہیں۔

ترجمان پاک فضائیہ کا کہنا تھا کہ: ریلیف آپریشن کے دوران پی اے ایف کی ایمرجنسی ریسپانس ٹیموں نے تیار کھانا، راشن اور دیگر ضروری اشیاء بھی تقسیم کیں ہیں. پاک فضائیہ ترجمان کا کہنا ہے کہ  گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران انسانی ہمدردی کی بنیاد پر 1174 راشن پیک، 13200 پاؤنڈ بنیادی اشیاء خوردونوش ضرورت مند خاندانوں میں  تقسیم کی گئیں ۔  مزید برآں پاک فضائیہ کی میڈیکل ٹیموں نے 695 مریضوں کو طبی امداد بھی فراہم کی ہے.

دوسری جانب پی ڈی ایم اے کی طرف سے جاری بیان کے مطابق: گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بلوچستان میں بارش و سیلاب سے مزید 5 افراد جاں بحق ہوئے ہیں جس کے بعد بلوچستان میں جاں بحق افراد کی تعداد 230 ہوگئی۔ جاں بحق ہونے والوں میں 110 مرد 55 خواتین اور 65 بچے شامل ہیں،بارشوں کے دوران حادثات کا شکار ہوکر 98 افراد زخمی ہوئے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق مجموعی طور پر صوبے بھر میں 26 ہزار 897 مکانات منہدم اور جزوی نقصان کا شکار ہوئے۔ پی ڈی ایم اے کے مطابق بارشوں میں 710 کلو میٹر پر مشتمل مختلف شاہرائیں بھی شدید متاثر ہوئی ہیں ، بارشوں کے باعث مختلف مقامات پر 18 پل ٹوٹ چکے ہیں.

بارشوں سے 1 لاکھ 7 ہزار 377 مال مویشی مارے گئے ہیں ، مجموعی طور پر 1 لاکھ 98 ہزار 461 ایکڑ زمین پر کھڑی فصلیں، سولر پلیٹس، ٹیوب ویلز اور بورنگ کو نقصانات پہنچا ہے۔

Shares: