حکومت سیاسی جماعت کے عہدیدار کیخلاف بھارتی بے بنیاد پروپیگنڈےکا جواب دے،سیف اللہ قصوری
پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے سیکرٹری جنرل سیف اللہ قصوری نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر پہلگام میں سیاحوں کے ساتھ پیش آنے والے افسوسناک واقعہ پر گہری تشویش کا اظہا رکرتے ہیں۔ معصوم انسانی جانوں کے ضیاع کی پرزور مذمت کرتے ہیں۔
اپنے ایک بیان میں سیف اللہ قصوری کا کہنا تھا کہ بھارت ماضی میں کشمیریوں کی حق خود ارادیت کے لیے جائز تحریک کو دہشت گردی سے جوڑنے کے لیےسازشیں کرتا رہا ہے۔حالیہ واقعہ کے بعد بھی جس طرح بھارتی میڈیا پاکستان کے خلاف مہم بنا کر پروپیگنڈا کررہا ہے یہ بھی بھارت کی طرف سے کشمیریوں کی حق خود ارادیت کے لیے جاری تحریک کو سبوتاژ کرنے کی ایک سازش معلوم ہوتی ہے۔بھارت نہ صرف مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کر رہا ہے بلکہ پورے خطے میں دہشت گردی اور عدم استحکام کو ہوا دینے میں بھی ملوث ہے،کلبھوشن یادیو کی پاکستان سے گرفتاری بھارتی دہشتگردی کا دنیا کے سامنے واضح ثبوت ہے،کینیڈا و دیگر ممالک میں بھارتی دہشت گردی و سازشیں عالمی دنیا کے سامنے آ چکی ہیں.
سیف اللہ قصوری کا مزید کہنا تھا کہ بطور سیکرٹری جنرل پاکستان مرکزی مسلم لیگ بھارت کی ان تمام سازشوں اور دنیا بھر میں معصوم انسانی جانوں کے ضیاع کی بھرپور مذمت کرتا ہوں ۔ میرے حوالے سے بھارتی میڈیا کا پروپیگنڈا انتہائی بے بنیاد اور لغو ہے۔ میں پاکستان کا ایک پر امن شہری ہوں اور ایک پر امن سیاسی جماعت کا عہدیدار ہوں۔ حکومت پاکستان بھارت کی طرف سے ایک سیاسی جماعت کے عہدیدار کے خلاف ہونے والے بے بنیاد پروپیگنڈےکا جواب دے اور عالمی سطح پر بھارت کی سازشی پالیسیوں کو بے نقاب کرے،








