پاک فوج کی شہر قائد میں امدادی سرگرمیاں جاری ، سول انتظامیہ کیساتھ مختلف مقامات پر 32 میڈیکل کیمپ قائم
باغی ٹی وی : بارش کے بعد ہنگامی صورتحال کے پیش نظر پاک فوج کی شہر قائد میں امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔ سول انتظامیہ کیساتھ مختلف مقامات پر 32 میڈیکل کیمپ قائم کیے گئے ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سرجانی ٹاؤن، قیوم آباد اور سعدی ٹاؤن میں آرمی کے 3 موبائل ہسپتال بھی قائم ہیں، اس کے علاوہ متاثرہ افراد کے لیے 56 ریلیف کیمپ قائم کیے گئے ہیں۔
کراچی کے 9 مختلف مقامات پر نکاسی آب کے لیے کام کیا گیا ہے۔ پاک فوج کے جوان متاثرین کو محفوظ مقامات پر منتقل کر رہے ہیں۔ بارش سے متاثرہ افراد کو طبی امداد دینے کیلئے سرجانی ٹاؤن میں 50 بیڈز کا ہسپتال قائم کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ حیدر آباد، بدین اور دادو میں بھی پاک فوج کی امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔
ادھر وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت اجلاس ہوا، اجلاس میں کراچی میں وفاق کے ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا
وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کراچی کےعوام کو درپیش مسائل کا مکمل ادراک ہے،کراچی کے سیوریج، نکاسی آب اور پینے کے صاف پانی کی فراہمی پر پلان تشکیل دیاجارہا ہے، کراچی کے عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے تمام وفاقی اداروں کو ہدایات دے دی گئیں،گرشتہ روز وزیر اعلیٰ سندھ سے کراچی میں حالیہ بارشوں کے بعد کی صورتحال پر گفتگو ہوئی،وفاق اور اداروں کی جانب سے ہر وزیراعلیٰ سندھ کو ممکن مدد کی یقین دہانی کرائی،
وزیراعظم عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ کراچی پاکستان کا اہم ترین شہر ہے،ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام وسائل بروکار لائےجائیں گے