پاک بحریہ ایک کثیر الجہتی مقاصد کا حامل ادارہ ہے جس کا بنیادی مقصد پاکستان کی بحری حدود کی حفاظت کے علاوہ خطے میں پُر امن جہاز رانی کا فروغ اور آبی گزرگاہوں کو محفوظ بناتے ہوئے پاکستان کی بحری تجارت کو بحفاطت پایہ تکمیل تک پہنچانا ہے، اس عظیم مقصد کے حصول کے لیے پاک بحریہ ہمہ وقت مصروفِ عمل ہے۔ اس کے علاوہ پاک بحریہ مختلف شعبہ ہائے زندگی میں وطنِ عزیز کی ساکھ،سربلندی اوردائمی استحکام کے لیے گراں قدر خدمات سر انجام دے رہی ہے۔پاک بحریہ نے کبھی دہشت گردی کے خلاف کھلے سمندروں میں عالمی بحری قوتوں کے ہمراہ عالمی امن کے لیے اپنی خدمات پیش کیں، کبھی انسدادِبحری قزاقی کے سلسلے میں اپنا کردار ادا کیاتو کبھی زلزلے،سیلاب اور قدرتی آفات میں گھرے متاثرین کو سامانِ خوردو نوش اور بنیادی ضروریاتِ زندگی کی فراہمی کو ممکن بنایا۔
قدرتی آفات اور حادثات کے نتیجے میں پیدا ہونے والی غیر یقینی اور متزلزل صورتِ حال میں پاک بحریہ نے قوم کو کبھی بھی مایوس ہونے نہیں دیا۔ کووڈ کی صورتِ حال کے دوران پاک بحریہ نے پاکستان کے دور دراز علاقوں میں ضرورت مند خاندانوں تک غذائی اشیاء کی فراہمی کو ممکن بنا کر قوم کا اعتماد جیت لیا۔
پاک بحریہ نہ صرف عسکری محاذوں پر برسرپیکار اپنی جرات،اولولعزمی، فرض شناسی اور دانشمندانہ حکمتِ عملی کا مظاہرہ کر رہی ہے بلکہ قومی سطح پر رفاہ عامہ کے کاموں میں بھرپور حصہ لے کر انسانی خدمت کا فریضہ بھی بخوبی نبھا رہی ہے۔پاک بحریہ نے نہ صرف1000 کلو میٹر کی ساحلی پٹی پر آباد سر کریک سے جیوانی تک کی آبادیوں کو ہمیشہ مفت طبی سہولیات کی فراہمی کو ممکن بنایاہے بلکہ اندرونِ سندھ، وسطی پنجاب اور شمالی علاقہ جات میں بھی ان سہولیات کو باہم پہنچانے کا بھر پوراہتمام کیا ہے، جس کا مظاہرہ پاک بحریہ اپنے میڈیکل کیمپس کے انعقاد کے ذریعے کرتی رہتی ہے۔ 8 اکتوبر کے زلزلے میں متاثرین کو طبی امداد اور ضروری سامان کی فراہمی کے ساتھ متاثرین کی اسپتالوں تک رسائی جیسے اقدامات میں پاک بحریہ نے پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا استعمال کرتے ہوئے اپنا بھرپور کردار ادا کیا،شمالی علاقہ جات میں دہشت گردی کے خلاف کیے گئے آپریشنز میں بھی پاک بحریہ نےدیگر مسلح افواج کے شانہ بہ شانہ اپنا کردار اداکیا،جس نے پاک بحریہ اور عوام کے درمیان پُر جوش اور متاثرکن جذبات کو جنم دیا۔ اس طرح مختلف شعبہ ہائے زندگی میں پاک بحریہ اپنا کردار ادا کر کے عسکری اداروں پر عوام کا مزیداعتماد بحال کرتے ہوئے قوم پراپنا منفرد تشخص آشکار کر رہی ہے۔
آزادکشمیر مظفرآباد میں پاک بحریہ کے 30 جون سے 2 جولائی 21 تک منعقد ہ 3روزہ فری میڈیکل کیمپ کا انعقاد بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔ کشمیر کی تاریخ میں پاک بحریہ کی جانب سے پہلی بار اس فری میڈیکل کیمپ کا اہتمام کیا گیا ہے۔ آزادکشمیر مظفر آباد ڈویژن کے ضلع ہٹیاں کے علاقے چکار،نواحی علاقے چلہ پانڈی اور نیلم وادی کے علاقے کنڈل شاہی میں لگائے گئے3 روزہ فری میڈیکل کیمپ میں پاک بحریہ کے خصوصی ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل اسٹاف نے علاقائی لوگوں کو گھر کی دہلیز پر مناسب تشخیص کے بعدفری ادویات کی فراہمی کو ممکن بناکرمقامی افراد میں زندگی کی روح پھونک دی اور اس طرح کشمیر کے دورافتادہ علاقوں میں بنیادی طبی سہولیات سے محروم ضرورت مند اور مستحق افراد کے دل جیت لیے۔اس فری میڈیکل کیمپ کا اہتمام نیول ہیڈ کواٹر کی خصوصی ہدایت کے تحت عمل میں لایا گیا تا کہ کشمیر کے دیہی علاقوں میں رہائش پزیرافراد میں انسانی صحت سے متعلق شعور اُجاگر کرتے ہوئے انہیں مناسب طبی سہولیات اورادویات فراہم کی جا سکیں۔ہزاروں افراد کا مفت طبی معائنہ کیا گیااور تشخیص کے مطابق مختلف امراض میں مبتلا کثیر تعداد میں مریضوں کو مفت ادویات فراہم کی گئیں۔پاک بحریہ کے طبی ماہرین کے متاثرکن اور خوش اخلاق رویے نے علاقائی افراد کے چہروں پر خوشیاں بکھیر دیں۔ پاک بحریہ کی یہ ٹیم کوالیفائیڈ ڈاکٹرزاور فزیشنز پر مشتمل تھی جس میں شامل میڈیکل،سرجیکل،امراضِ چشم،زچہ و بچہ اور جلدی امراض کے خصوصی ماہرین نے مختلف امراض میں مبتلا مستحق افراد کو بھرپور توجہ کے ساتھ معائنے کے بعد طبی سہولیات فراہم کیں۔عوام الناس کو صحت عامہ سے متعلق آگاہی فراہم کی گئی بالخصوص خواتین کو ماں اور بچے کی صحت سے متعلق ضروری معلومات سے آگاہ کیا گیا کہ ایک صحت مند ماں ہی صحت مند بچے کو جنم دے سکتی ہے اور صحت مند بچے ہی صحت مند معاشروں کا آئینہ دار ہوا کرتے ہیں۔
آزاد کشمیر کے ان دور افتادہ دیہاتی علاقوں میں جہاں مناسب بنیادی طبی سہولیات کا فقدان موجود ہے، اچھے اسپتالوں تک رسائی اور مہنگی ادویات کا حصول عوام الناس کی پہنچ سے بہت دور ہیں۔ ان مقامات پر اس طرح کے فری میڈیکل کیمپس ضرورت مندافراد، بچوں، بوڑھوں، خواتین اور مستحق خاندانوں میں خوشیاں بانٹتے ہوئے ان کے چہروں پرمسکراہٹیں بکھیرنے کا سبب بن رہے ہیں۔ جس کی بدولت مقامی لوگوں میں پاک بحریہ سے متعلق محبت سے بھرپور جذبات جنم لے رہے ہیں مقامی افراد پاک بحریہ سے متعلق دلوں میں نرم گوشے رکھتے ہوئے تشکر آمیز مسکراہٹوں کے ساتھ بحریہ کے اس اقدام پر دعا گو نظر آتے ہیں۔یقینا قوموں کی زندگی میں ایسے ہی لمحات باہمی ہم آہنگی اور یک جہتی کے فروغ کا باعث بنتے ہیں جس کی بنا پر مستقل بنیادوں پر قومیں معاشروں میں اپنے وجود کا احساس دلایا کرتی ہیں جن کے نتائج قومی حمیت اور ناقابلِ تسخیر دفاع کی صورت میں اقوامِ ِعالم پرآشکارہوتے ہیں اور تاریخ ان عوامل کو اپنے دامن میں جگہ دے کر قوموں کی زندگی کو امر کر دیا کرتی ہے۔ پاک بحریہ انہی عوامل کو مدِنظر رکھتے ہوئے مختلف فلاحی کاموں میں بھرپور حصہ لیتی ہے اور ارضِ وطن کے دفاع اور دائمی استحکام کے لیے کثیر الجہتی محاذوں پر ہمہ وقت مصروفِ عمل ہے۔