سکھر:ایک طرف بھارت پاکستان کو مٹانے کے درپئے ہے تو دوسری طرف چند مفاد پرست افراد اپنے ذاتی مفاد پر قومی مفاد کو ترجیح دیتے ہوئے غیر قانونی طریقے سے موت کا سامان منگوا رہے ہیں. پاکستان پوسٹل سروسز کے زیر نگرانی مضر صحت بھارتی گٹکا اسمگل کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔
سکھر سے پاکستان ریلوے ذرائع کے مطابق پاکستان ریلویز نے بھارتی گٹکے کی اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی جو پاکستان پوسٹل سروسز کے پارسل میں موجود تھا۔ریلوے حکام کے مطابق مضر صحت نشہ آور بھارتی گٹکے اور چھالیہ کی بڑی کھیپ مسافر ٹرین سے برآمد ہوئی۔ پاکستان پوسٹل سروس کے پارسلز کی صورت میں نشہ آور گٹکے بلوچستان سے سندھ اسمگلنگ کیے جارہے تھے۔
پاکستان ریلوے حکام نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ اکبر ایکسپریس میں شامل پاکستان پوسٹل سروس کے ڈبے کی تلاشی کے دوران گٹکے اور چھالیہ برآمد ہوئی جن کی مالیت لاکھوں روپے ہے جبکہ ریلوے پولیس نے اسمگلنگ میں ملوث دو افراد کو گرفتار کر لیا۔
دوسری طرف حکام نے کہا ہے کہ پاکستان پوسٹل سروس کی غیر قانونی اشیا کی ترسیل میں ملوث ہونے کی تحقیقات کرائی جائے گی۔ پوسٹل سروس اپنا سامان بغیر کسی تلاشی کے مسافر ٹرین کے ذریعے پارسل کرتی رہی ہے۔