پاکستان باراورسپریم کورٹ بار نے جسٹس قاضی فائزعیسیٰ کوبچانے کے لیے حکومت پردباو بڑھانا شروع کردیا

اسلام آباد :پاکستان باراورسپریم کورٹ بار نے جسٹس قاضی فائزعیسیٰ کوبچانے کے لیے حکومت سے ریفرنس واپس لینے کا مطالبہ کردیا ،اطلاعات کےمطابق پاکستان بار کونسل اور سپریم کورٹ بار نے وفاقی حکومت سے جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے خلاف دائر ریفرنس فوری واپس لینے کا مطالبہ کردیا۔

پاکستان بار کونسل اور سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن نے مشترکہ اعلامیہ جاری کرتے ہوئے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ سپریم کورٹ کے جج جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے خلاف سپریم جوڈیشل کونسل میں دائر ریفرنس فوری واپس لیا جائے۔یہ اعلامیہ وائس چیئرمین پاکستان بار کونسل عابد ساقی اور صدر سپریم کورٹ بارسید قلب حسن کی طرف سے جاری کیا گیا ہے۔

اعلامیے میں کہا گیا کہ وفاقی وزیر قانون نےعدلیہ کو تقسیم کرنے کیلئے بدنیتی پر مبنی ریفرنس تیار کیا تھا، اس ریفرنس کے عوامل اور محرکات مکمل طور پر قوم پر آشکار ہو چکے ہیں۔

اعلامیے میں کہا گیا کہ عدلیہ کو تقسیم کرنے میں ناکامی کے بعد اب وفاقی وزیرِ قانون وکلاء برادری کو تقسیم کرنے پر عمل پیرا ہیں، سابق اٹارنی جنرل کا استعفیٰ اور نئے اٹارنی جنرل کا ریفرنس میں پیش ہونے سے انکار سازش کو بے نقاب کر رہے ہیں۔ وفاقی حکومت نے سپریم کورٹ کے جسٹس قاضی فائز عیسیٰ اور ہائی کورٹ کے 2 ججز کے خلاف سپریم جوڈیشل کونسل میں ریفرنس دائر کر رکھے ہیں۔

دوسری طرف پنجاب بارکونسل نے چیف جسٹس آف پاکستان سے اپیل کی تھی کہ وہ اس کیس میں کسی کے بھی دباومیں نہ آئیں ،ججز کوئی مقدس گائے نہیں ، آئین کے سامنے سب برابر ہیں، جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کوبھی جواب دینا ہوگا

Comments are closed.