روٹرڈیم:پاکستان کرکٹ ٹیم نے نیدرلینڈ کوتیسرے انٹرنیشنل ایک روزہ میچ میں سنسنی خیزمقابلے کے بعد شکست دی ہے ،پاکستان نے نیدرلینڈز کو تیسرے اور آخری ون ڈے میں 9 رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں 0-3 سے جیت لی۔

نیدر لینڈز کے خلاف ون ڈے سیریز کے تیسرے اور آخری میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کی اور پوری ٹیم 49.4 اوورز میں 206 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔

پاکستان ٹیم کے کپتان بابر اعظم ایک بار پھر ذمہ داری سے بیٹنگ کرتے ہوئے 125 گیندوں پر 91 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے۔بابر اعظم نے سیریز میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا، انہوں نے پہلے میچ میں 74 رنز دوسرے میچ میں 57 رنز جبکہ تیسرے اور آخری میچ میں 91 رنز بنائے تاہم وہ سیریز میں سینچری اسکور نہ کرسکے۔

قبل ازیں، پاکستان ٹیم کا آغاز اچھا نہ رہا اور دوسرے اوور میں عبداللہ شفیق 2 رنز بنا سکے، انہیں کنگما نے بولڈ کیا۔
فخر زمان بھی متاثر کن کارکردگی نہ دکھا سکے اور 26 کے انفرادی اسکور پر اپنی وکٹ گنوا بیٹھے، انہیں وین بیک نے بولڈ کیا۔جب فخر زمان آؤٹ ہوئے اس وقت پاکستان ٹیم نے 17.2 اوورز میں 2 کھلاڑیوں کے نقصان پر 58 رنز بنائے تھے۔

پاکستان ٹیم نے سست رفتاری سے کھیلتے ہوئے 25 اوورز میں 2 وکٹیں کھو کر صرف 85 رنز بنائے تھے، اس وقت کریز پر بابر اعظم اور سلمان علی آغا موجود تھے۔تاہم سلمان علی آغا بھی بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے، وہ 42 گیندوں پر 24 رنز بنا کر وین بیک کی باؤلنگ پر شیراز احمد کو کیچ دے بیٹھے۔خوشدل شاہ 122 کے مجموعی اسکور پر رن آؤٹ ہوئے۔

وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان کی جگہ ٹیم میں شامل کیے گئے محمد حارث 4 رنز بنا کر ڈی لیڈ کی گیند پر کوپر کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔جب ٹیم کا مجموعی اسکور 42.4 اوورز میں 168 پر پہنچا تو بابر اعظم بھی اچھی اننگز کھیل کر آؤٹ ہو گئے۔

گزشتہ میچ کے بہترین کھلاڑی آل راؤنڈر محمد نواز 35 گیندوں پر 27 رنز بنا سکے، انہیں بھی ڈی لیڈ نے آؤٹ کیا۔
پاکستان کی آٹھویں وکٹ 192 رنز کے مجموعی اسکور پر گری جب محمد وسیم 11 رنز بنا کر ڈی لیڈ کی گیند پر ایڈورڈز کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔نویں آؤٹ ہونے والے کھلاڑی زاہد محمود تھے جو 9 رنز بنا کر رن آؤٹ ہو گئے۔
پاکستان کی آخری وکٹ 206 رنز پر گری، نسیم شاہ 3 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

قبل ازیں، روٹرڈیم میں کھیلے جارہے آخری ون ڈے میچ میں پاکستانی کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر میزبان ٹیم کے کپتان ایڈورڈ اسکاٹ کو فیلڈنگ کی دعوت دی۔

تیسرے ون ڈے میچ میں آج پاکستان کی جانب سے اوپنر عبداللہ شفیق نے ڈیبیو کیا جنہیں امام الحق کی جگہ ٹیم میں شامل کیا گیا ہے، جو طبیعت ناساز ہونے کے سبب آج کا میچ نہیں کھیل سکے۔تاہم بیٹنگ کے دوران عبداللہ شفیق کوئی خاص کارکردگی نہ دکھا سکے اور صرف 2 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔اس کے بعد فخر زمان کا ساتھ دینے اِن فارم بابر اعظم کریز پر آئے اور دونوں نے ٹیم کا اسکور 58 رنز پر پہنچایا جس کے بعد 26 رنز بنانے والے فخر زمان کی اننگز کا خاتمہ ہوا۔

واضح رہے کہ نیدرلینڈز کے خلاف 3 ون ڈے میچوں کی سیریز پاکستان پہلے ہی 2 میچز جیت کر اپنے نام کرچکا ہے۔

Shares: