اسلام آباد، یوم پاکستان جوائنٹ سروسز پریڈ کا انعقاد شکرپڑیاں پریڈ گراؤنڈ اسلام آباد میں کیا گیا۔ پاک بحریہ کے کمانڈر محمد شاہد اقبال کی قیادت میں پاک بحریہ کا چاق و چوبند دستہ جوائنٹ سروسز پریڈ کا حصہ تھا۔پاکستان نیوی کے دستے میں خاتون افسران، اسپیشل سروس گروپ (نیوی) اور پاکستان نیوی بینڈ شامل تھے۔پاک بحریہ کے دستے کی منفرد پہچان اس میں شامل پہلے پاکستانی سکھ نیول آفیسر لیفٹیننٹ پَوَن سنگھ کی شرکت تھی۔ پاک بحریہ کی خاتون افسران کی قیادت لیفٹیننٹ کمانڈر ثناء فردوس نے کی۔

اس کے علاوہ پاک بحریہ کے فضائی اثاثوں میں کیپٹن سلیم ناصر کی قیادت میں لانگ رینج میری ٹائم پٹرول ائیرکرافٹ P3C اورین، کیپٹن سید طلعت حسین کی قیادت میں اے ٹی آر ہوائی جہاز، کیپٹن شیر ولی خان کی قیادت میں سی کنگ ہیلی کاپٹرز اور کمانڈر طلحہ متین کی سربراہی میں Z-9EC ہیلی کاپٹرز نے پریڈ کے دوران فلائی پاسٹ میں شرکت کی۔ پاک بحریہ کا بغیر پائلٹ کے ہوائی جہاز (UAV) بھی پریڈ میں شامل تھا۔ اسپیشل سروس گروپ (نیوی) کے کمانڈر محمد ابرار یونس کی سربراہی میں پاکستان نیوی سی ایگل ٹیم بھی ٹرائی سروسز اسکائی ڈائیونگ ٹیم کا حصہ تھی۔ اس ٹیم نے فری فال جمپس کی متعدد تکنیکوں کا مظاہرہ کیا، جس میں پیچیدہ ہوائی کرتب اور عین درستگی کے ساتھ اہداف پر اترنا بھی شامل تھا۔

قبل ازیں، 24 مارچ کو ایوان صدر میں تقسیم اسناد کی تقریب برائے سال 2020 کا انعقادکیا گیا۔ تقریب کے دوران صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے پاک بحریہ کے چھ ریئر ایڈمرلز بشمول ریئر ایڈمرل اطہر سلیم، ریئر ایڈمرل عدنان خالق، ریئر ایڈمرل احمد فوزان، ریئر ایڈمرل جاوید اقبال، ریئر ایڈمرل مرزا فواد امین بیگ اور ریئر ایڈمرل میاں ذاکر اللہ جان کو ہلال امتیاز (ملٹری) سے نوازا گیا۔ مزید برآں، پاک بحریہ کے 02 افسران اور 01 سیلر، لیفٹیننٹ کمانڈر سید کامران سعید گیلانی، لیفٹیننٹ کمانڈر حماد حسن ماکن اور محمد عباس خان شہید (ایس ایف ٹی – I) کو بھی ستارہ بسالت سے نوازا گیا۔

یوم پاکستان 2021 کے موقع پر صدر پاکستان نے پاک بحریہ کے افسران، ماسٹر چیف پیٹی آفیسرز، چیف پیٹی آفیسرز / سیلرز اور نیوی سویلینز کو میڈلز اور ایوارڈز تفویض کرنے کی منظوری دی۔ ان میڈلز اور ایوارڈز میں 02 تمغہ بسالت، 03 ہلال ِامتیاز (ملٹری)، 14 ستارہ امتیاز (ملٹری)، 13 تمغہ امتیاز (ملٹری)، 04 امتیازی اسناد، 16 تمغہ خدمت (ملٹری-I) – 26 تمغہ خدمت(ملٹری-II) اور 37 تمغہ خدمت (ملٹری-III) شامل ہیں۔ چیف آف دی نیول اسٹاف کی جانب سے 53 افسران، ماسٹر چیف پیٹی آفیسرز، چیف پیٹی آفیسرز / سیلرز اور نیوی سویلینز کو ستائشی خطوط کی منظوری بھی دے دی گئی۔

Shares: