لاہور:پاکستان نے سینٹرل ایشین والی بال چیمپئن شپ کے فائنل میں ایشین چیمپئن ایران کو ہرا کر ٹائٹل جیت لیا۔فائنل میں پاکستان نے ایران کو 1-3 سے شکست دے دی۔لاہور میں کھیلے گئے فائنل میں پاکستان نے ایران کے خلاف پہلے دو سیٹس میں شاندار کھیل پیش کرکے 16-25 اور 17-25 سے کامیابی حاصل کی۔

تیسرے سیٹ میں ایک موقع پر پاکستان لیڈ کر رہا تھا لیکن ایران نے کم بیک کرتے ہوئے 23 کے مقابلے میں 25 پوائنٹس سے کامیابی حاصل کی۔چوتھے سیٹ میں زبردست مقابلہ دیکھنے میں آیا پاکستان نے یہ سیٹ 25- 20 سے جیت کر سینٹرل ایشین والی بال چیمپئن شپ کا ٹائٹل جیت لیا۔

تیسری پوزیشن کے میچ میں بنگلادیش نے سری لنکا کو شکست دی۔ ایونٹ کے تمام میچز جیو سوپر سے براہ راست نشر کیے گئے۔جنوبی افریقا میں ہونے والے نیشنز کپ ہاکی ٹورنامنٹ میں پاکستان مسلسل دوسرا میچ ہار گیا جس کے بعد قومی ٹیم سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر ہوگئی۔

آئرلینڈ نے پاکستان کو ایک کے مقابلے میں تین گول سے شکست دی۔ پہلے اور دوسرے کوارٹر میں مقابلہ بغیر کسی گول کے برابر تھا تاہم آئرلینڈ نے تیسرے کوارٹر میں برتری حاصل کی اور تیسرا گول چوتھے کوارٹر میں کیا۔

آئرلینڈ کے ایمپے کونر، واکربینجامن اور اوڈونوگی شین نے گول کیے جبکہ پاکستان کی جانب سے واحد گول عبدل شاہد نے اسکورکیا۔مسلسل دوسری شکست کے بعد پاکستانی ٹیم سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر ہوگئی۔گزشتہ روز نیشنز کپ ہاکی ٹورنامنٹ میں میزبان جنوبی افریقا نے پاکستان کو 2 کے مقابلے میں 6 گول سے شکست دی تھی۔

Shares: