پاکستان فرسٹ موومنٹ کی یوتھ اے پی سی اور نظریہِ پاکستان از: طہ منیب

0
40

پاکستان فرسٹ موومنٹ کی یوتھ اے پی سی اور نظریہِ پاکستان از طہ منیب

چند روز قبل عثمان رضا جولاہا صدر والنٹیئر فورس پاکستان کی دعوت پر انسٹیوٹ آف پالیسی اسٹڈیز اسلام آباد میں آل پارٹیز یوتھ کانفرنس میں شرکت کا موقع ملا جس میں وفاقی وزیر علی محمد خان ، ترجمان پنجاب حکومت سیمابیہ عارف، اسسٹنٹ اٹارنی جنرل پاکستان فرخ ڈال، صدر کشمیر یوتھ الائنس ڈاکٹر مجاہد گیلانی سمیت متعدد یوتھ قائدین شریک ہوئے۔

قومی یکجہتی کے عنوان پر ملک کے طول و عرض سے نوجوان شریک تھے۔ بلوچستان، سندھ، گلگت بلتستان ، خیبر پختونخوا سمیت کشمیر سے نوجوان قیادت نے اپنے مسائل بتانے کے ساتھ ساتھ انکے حل پر زور دیا۔

راقم نے قیام پاکستان کی بنیاد یوم پاکستان کی روداد اور نظریہ پاکستان کی اہمیت کو یاد کرنے اور اس پر عمل کرنے پر زور دیا کہ یہ دو قومی نظریہ ، نظریہ اسلام ہی نظریہ پاکستان تھا جسکی بنیاد پر یہ ملک لا الہ الااللہ کے نظام اور اسکے احکامات کی تعمیل کیلئے حاصل کیا۔ آج ہمسایہ ملک میں مسلمانوں کی حالت زار اس نظریہ کی حقانیت پر دلالت کرتی ہے۔

جہاں ایک سال قبل متنازعہ شہریت بل میں لاکھوں مسلمان سڑکوں پر جبکہ ہزاروں طلباء نیو دہلی میں لاٹھیوں اور گولیوں کا نشانہ بنے تھے۔ چند دن پہلے ایک مسلم بچہ مندر میں پانی پینے کی وجہ سے تشدد کا نشانہ بنا جبکہ بابری مسجد، گجرات فسادات سمیت ہند میں مسلم کش فسادات کی ایک تاریخ ہے۔

جب یہ نظریہ کمزور پڑا تو ہمارا ملک دولخت ہو گیا جہاں کل مودی نے ایک بار پھر بنگلہ دیش کے قیام کی جدوجہد میں شرکت کی وجہ سے اپنی گرفتاری کا حوالہ دیا اور اس سے قبل اندرا گاندھی نے بھی انڈین پارلیمنٹ میں اپنی فاتحانہ تقریر میں نظریہ پاکستان کو خلیج بنگال میں ڈبونے کی بات کی تھی۔

دوسری طرف ہزاروں پڑھے لکھے پی ایچ ڈی ، ایم فل ، انجینئرز کشمیری نوجوانوں کا پچھلی ایک دہائی میں تکمیل پاکستان کی جنگ میں پیش کیا گیا مقدس خون پاکستانی ارباب اختیار کے سامنے سوال بن کر کھڑا ہے۔

پاکستان کی یوتھ پاکستان کا مستقبل ہے ، یوتھ اگر نظریہ پاکستان کے سبق کو یاد کرے اور اس پر عمل پیرا ہو تو یہ ارباب اختیار کو بھی نظریہ پاکستان پر کھڑا کر سکتی ہے۔ یہ نظریہ پاکستان ہی ہے جو ہماری سالمیت اور بقا کا ضامن ہے۔

Leave a reply