لاہور: پاکستان ہمارا گھر ، یہاں کرکٹ کھیلنا بہت ہی اچھا لگ رہاہے ، پاکستان آکر بیگانگی کا بالکل احساس نہیں ہوا ،ایسے لگ رہا ہے جیسے اپنے لوگوں میں کھیل رہی ہوں‌، ان خیالات کا اظہار بنگلادیش ویمن ٹیم کی کپتان جہاں آرا نے دورہ پاکستان کےحوالے سے اپنی یادوں کوسمیٹتے ہوئے کیا

تفصیلات کے مطابق بنگلادیش اور پاکستان ویمن کرکٹ ٹیموں نے سیف سٹیز اتھارٹی کا دورہ کیا، جہاں ایم ڈی سیف سٹیز اتھارٹی علی عامر ملک نے ٹیموں اور آفیشلز کا استقبال کیا۔ بہترین سیکیورٹی انتظامات سے پاکستان میں کرکٹ کی واپسی ہوئی۔

دونوں ٹیموں کو سیف سٹیز کے قیام کے مقصد اور ورکنگ سے متعلق آگاہی دی گئی، اس موقع پر بنگلادیش ویمن ٹیم کی کپتان کاکہنا تھا کہ پاکستان آکر اور کرکٹ کھیل کر بہت اچھا لگ رہا ہے۔ لاہور میں بہت پیار ملا اور اچھی کرکٹ کھیلنے کو ملی۔

جہاں آرا کا مزید کہنا تھا کہ اتھارٹی ورک فورس میں خواتین کی کثیر تعداد خوش آئند ہے۔ خیال رہے کہ سیف سٹیز کی جانب سے ویمن ٹیمز کو تحائف اور شیلڈز بھی پیش کی گئیں۔

خیال رہے کہ 30 اکتوبر کو پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم نے ہوم گراؤنڈ پر شاندار پرفارمنس کا مظاہرہ کرتے ہوئے بنگلہ دیش کو ٹی 20 سیریز میں کلین سوئپ کیا، جویریہ خان میچ کی بہترین کھلاڑی قرار پائی تھیں۔

Shares: