پاکستان کی پہلی دستور ساز اسمبلی کی ڈائمنڈ جوبلی تقریبات کا افتتاح کردیا گیا
پاکستان کی پہلی دستور ساز اسمبلی کی ڈائمنڈ جوبلی تقریبات کا افتتاح کردیا گیا جو 11 اگست سے 14 اگست تک جاری رہیں گی ۔ تمام تقریبات کا مرکزی عنوان ” میرا پارلیمنٹ رہبر ترقی و کمال ” رکھا گیا ہے ۔
پارلیمنٹ ہاؤس میں سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے یکے بعد دیگرے تصویری، فن مصوری اور کتب کی نمائشوں کا افتتاح کیا ۔ انہوں نے “ترجمان ماضی شانِ حال” کے موضوع کے تحت منعقد 3 روزہ تاریخی تصویروں کی نمائش کا افتتاح کیا جس میں تمام سابق وزراء اعظم، قائد حزب اختلاف اور پارلیمنٹ سے خطاب کرنے والے ممتاز بین الاقوامی رہنمائوں اور اہم مواقع پر منعقد ہونے والے اجلاسوں کی تصاویر آویزاں ہیں۔
انہوں نے “پاک سرزمین شاد باد” کے موضوع پر ہونے والی 3 روزہ آرٹ اور پینٹنگ نمائش کا بھی افتتاح کیا جس میں ملک کے مشہور مصوروں کے فن پارے رکھے گئے ہیں۔ انہوں نے خوبصورت انداز اور مہارت کے ساتھ اپنے خیالات اور تصورات کو اپنے فن پاروں میں محفوظ کرنے کی تعریف کی۔ بعد ازاں سپیکر قومی اسمبلی نے پارلیمنٹ ہائوس کی لائبریری میں “قوم، ملک، سلطنت” کے موضوع پر منعقدہ 3 روزہ کتب کی نمائش کا بھی افتتاح کیا۔
انہوں نے اسلامی جمہوریہ پاکستان کے 1973 کے آئین کی اصل کاپی کا جائزہ لیا جس پر اس وقت کے وزیر اعظم شہید ذوالفقار علی بھٹو سمیت اراکین پارلیمنٹ نے دستخط کئے ہیں۔ انہوں نے اسلامی جمہوریہ پاکستان کے 1973 کے متفقہ آئین بنانے پر شہید ذوالفقار علی بھٹو اور اس پارلیمنٹ کے دیگر اراکین کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ ڈائمنڈ جوبلی تقریبات کا انعقاد موجودہ نوجوان نسل کو ماضی سے جوڑیں گی اور انہیں پارلیمانی تاریخ سے آگاہی میں اہم پیشرفت ثابت ہو گی۔