پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ سونیا حسین کا کہنا ہے کہ پاکستان میں انصاف کسی چڑیا کا نام نہیں ہے یہاں عام آدمی ہمیشہ انصاف کی طلب میں مارا مارا پھرتا ہے لیکن اُسے انصاف نہیں ملتا۔
باغی ٹی وی : ملک میں زیادتی کے بڑھتے کیسز اور لاہور موٹروے واقعے پر سونیا حسین نے شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے انسٹاگرام پر ایک خصوصی پوسٹ شیئر کی جس میں اُنہوں نے شدید غم و غصے میں اپنے جذبات بیان کئے ہیں۔
سونیا حسین نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ پاکستان میں انصاف کسی چڑیا کا نام نہیں ہے کیونکہ یہاں عام آدمی ہمیشہ انصاف کی طلب میں مارا مارا پھرتا ہے لیکن اُسے انصاف نہیں ملتا۔
https://www.instagram.com/p/CE_j9OnDvKq/?utm_source=ig_embed
اداکارہ نے شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ ’جس ملک میں کتّوں کا قانون ہو، جہاں بچے، بچیاں، عورتیں، کتّے، بلیاں اور یہاں تک کے قبروں میں لاشیں بھی محفوظ نہ ہوں تو وہاں سوشل میڈیا پر پوسٹس لگانے اور احتجاج کرنے سے کچھ حاصل نہیں ہوگا۔
اُنہوں نے لکھا کہ جب تک ان سربراہوں اور قانون کے محافظوں کے گھروں میں گُھس کر اُنہیں جوتے نہیں ماریں جائیں گے تب تک اعلی حکام کو احساس نہیں ہوگا کہ درد خوف ،تکلیف اور غیر محفوظ ہونے کا احساس کیسا ہوتا ہے۔
سونیا حسین نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ وہ ان تمام لوگوں سے معذرت چاہتی ہیں جس کسی کو بھی میرے الفاظ نامناسب اور غیر اخلاقی لگے ہوں ۔
اُنہوں نے مزید لکھا کہ سچ پوچھیں تو جتنا غصّہ اور غبار میرے اندار اس وقت موجود ہے اُس کے آگے میری یہ باتیں تو 0.1 فیصد بھی نہیں ہیں-
اداکارہ نے اپنی پوسٹ کے کیپشن میں لکھا کہ ہم ایسے بدعنوان اور نا اہل رہنماؤں کے مستحق نہیں ہیں۔
سونیا حسین نے اپنے مداحوں سے سوال بھی کیا کہ کیا ہم سب ساتھ ہیں؟
واضح رہے کہ حال ہی میں لاہور موٹر وے پر گوجرانوالہ کی رہائشی ثناء نامی خاتون کے ساتھ خوفناک واقعہ اس وقت پیش آیا جب لاہور موٹر وے پر اُن کی گاڑی کا پیٹرول ختم ہو گیا اس دوران ملزمان نے موقع کا فائدہ اٹھاتے ہوئے خاتون کی گاڑی کے شیشے توڑ کر انہیں گن پوائنٹ پر کھیتوں میں لے جا کر زیادتی کا نشانہ بنایا۔