وزیر مملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی شزا فاطمہ نے کہا ہے کہ ملک میں انٹرنیٹ مکمل طور پر فعال ہے اور واٹس ایپ سمیت تمام موبائل ایپس پوری طرح سے چل رہی ہیں۔
ان کا یہ بیان قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران وقفہ سوالات کے دوران آیا، جب پیپلز پارٹی کی رکن شازیہ مری نے پاکستان میں انٹرنیٹ کی صورتحال کے بارے میں سوال کیا۔شزا فاطمہ نے شازیہ مری کے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ موجودہ وقت میں ملک میں انٹرنیٹ کی تمام خدمات بلا رکاوٹ جاری ہیں اور کوئی خلل یا تعطل نہیں ہے۔ وزیر مملکت نے مزید کہا کہ پاکستان میں انٹرنیٹ کی مکمل فعالیت کے ساتھ ساتھ واٹس ایپ اور دیگر موبائل ایپس میں کسی قسم کی کوئی رکاوٹ نہیں ہے۔انہوں نے بتایا کہ حکومت ملک کے تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے اور اس وقت تک آئی ٹی کے شعبے میں 28 فیصد کی شرح نمو دیکھی گئی ہے۔ اس کے علاوہ، پاکستان نے آئی ٹی کے شعبے میں 1.8 ارب ڈالر کی برآمدات بھی کی ہیں۔
شزا فاطمہ نے کہا کہ پاکستان میں سب میرین کیبل کی اپ گریڈیشن پر کام جاری ہے، جس سے نہ صرف پاکستان کا انٹرنیٹ نیٹ ورک مضبوط ہوگا بلکہ سینٹرل ایشیا اور چین کے لیے پاکستان ایک اہم انٹرنیٹ ڈیٹا ہب بن جائے گا۔وزیر مملکت نے مزید بتایا کہ پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے آئی پی رجسٹریشن کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے۔ وی پی اینز اور آئی پی کی رجسٹریشن بغیر کسی معاوضے کے کی جا رہی ہے۔ اس وقت تک 31,000 سے زائد وی پی اینز رجسٹر ہو چکے ہیں، جن میں کمپنیاں اور فری لانسر شامل ہیں۔